ہمایون خان
پشاور: آل پاکستان انٹر یونیورسٹی ویمن فٹبال چیمپئن شپ میں یونیورسٹی آف لاہور نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ فائنل میں یونیورسٹی آف لاہور نے ویمن یونیورسٹی لاہور کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2-1 سے شکست دے کر ٹرافی جیت لی۔

اسلامیہ کالج پشاور کے ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس کے زیر اہتمام پشاور بورڈ گرانڈ میں منعقدہ چیمپئن شپ میں ملک بھر کی آٹھ جامعات کی ٹیموں نے حصہ لیا، جن میں لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی، سپیریئر یونیورسٹی، یونیورسٹی آف ایگریکلچر فیصل آباد، یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ایم ٹی) لاہور، یونیورسٹی آف لاہور، گیریژن یونیورسٹی، گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور اور پنجاب یونیورسٹی لاہور شامل تھیں۔فائنل میچ یونیورسٹی آف لاہور اور ویمن یونیورسٹی لاہور کے درمیان کھیلا گیا۔ پہلے ہاف تک دونوں ٹیمیں ایک، ایک گول سے برابر تھیں، تاہم دوسرے ہاف کے آخری لمحات میں یونیورسٹی آف لاہور نے فیصلہ کن گول کرکے مقابلہ 1-2 سے اپنے نام کر لیا اور چیمپئن بن گئی۔
تیسری پوزیشن کے لیے کھیلے گئے میچ میں پنجاب یونیورسٹی لاہور نے یو ایم ٹی لاہور کو 1-3 سے شکست دے کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی بریگیڈیئر مبشر عباسی تھے، جنہوں نے فاتح اور نمایاں کارکردگی دکھانے والی کھلاڑیوں میں ٹرافیاں، میڈلز اور انعامات تقسیم کیے۔ اس موقع پر ملک لطیف سی سی او نارتھ ویسٹ ھسپتال ڈائریکٹر سپورٹس پشاور بورڈ منظر خان، سابق قومی فٹبالر و پاکستان ٹیم کے کپتان کرنل (ریٹائرڈ)نعمان، ڈائریکٹر سپورٹس اسلامیہ کالج پشاور علی ہوتی اور دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔پانچ روزہ چیمپئن شپ کا باقاعدہ افتتاح ایگزیکٹو ڈائریکٹر ہائر ایجوکیشن کمیشن پروفیسر ڈاکٹر ضیا الحق نے کیا تھا۔ شرکا اور مہمانوں نے اسلامیہ کالج پشاور اور انتظامیہ کی جانب سے کامیاب انعقاد کو سراہتے ہوئے خواتین کھیلوں کے فروغ کے لیے ایسے ایونٹس کو خوش آئند قرار دیا۔