پشاورغ چائنہ ونڈو کے زیر اہتمام تقریب، فیصل کریم کنڈی مہمانِ خصوصی، نئے پاک چین دوستی ترانے کی رونمائی، اسکالرشپ اور ڈریگن بوٹ فیسٹیول کے شرکاء میں اعزازات تقسیم
ہمایون خان

پشاور: گورنر ہا وس خیبر پختونخوا میں چائنہ ونڈو کے زیر اہتمام پاکستان کے جشن آزادی کے سلسلے میں ایک پروقار اور یادگار تقریب منعقد ہوئی جس میں قومی یکجہتی، نوجوانوں کی حوصلہ افزائی، کھیل، ثقافت اور پاکستان چین لازوال دوستی کے مختلف رنگ نمایاں رہے۔ گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔

تقریب میں سکواش کے سابق عالمی چیمپئن قمر زمان، سینئر صحافی ارشد عزیز ملک، چائنہ کلچر سنٹر کی ایڈوائزر بائی جی مسٹر چن تیان تیانگ، صدارتی و قومی اعزازات یافتہ شخصیات، اعلیٰ سول و سرکاری حکام، ماہرینِ تعلیم، صحافیوں، فن کاروں، کھلاڑیوں اور طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز قومی جذبے سے ہوا جبکہ پشاور ماڈل ایجوکیشنل نیٹ ورک کی طالبات نے قومی نغمے پر شاندار اور یادگار پرفارمنس پیش کرکے حاضرین سے بھرپور داد حاصل کی۔ پاکستان کے یومِ آزادی کی مناسبت سے خصوصی کیک بھی کاٹا گیا


جبکہ گورنر اور دیگر معزز مہمانوں نے پاکستان کی سلامتی، ترقی اور خوش حالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔چائنہ ونڈو کے ایڈمنسٹریٹر امجد عزیز ملک نے اپنے افتتاحی خطاب میں کہا کہ جشن آزادی ہمیں اپنے بزرگوں کی قربانیوں کو یاد کرنے کے ساتھ یہ سوچنے کا موقع بھی فراہم کرتا ہے کہ ہم پاکستان کی تعمیر و ترقی کے لیے کیا کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سب سے بڑی طاقت نوجوان ہیں اور انہیں تعلیم، جدید ہنر، تحقیق، ٹیکنالوجی اور بین الاقوامی تجربے کے مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ چائنہ ونڈو اکتوبر 2018ء سے خیبر پختونخوا میں پاکستان چین دوستی، چینی ثقافت، زبان اور سی پیک سے متعلق آگاہی کے فروغ کے لیے سرگرم ہے۔ لاکھوں افراد اس مرکز کی مختلف گیلریوں، نمائشوں، سیمینارز اور ثقافتی پروگراموں سے استفادہ کر چکے ہیں جبکہ تقریبا ساڑھے آٹھ سو طلبہ و طالبات چینی زبان کے مفت ایچ ایس کے ون اور ایچ ایس کے ٹو کورسز میں شرکت کر چکے ہیں۔

تقریب میں پشاور سے تعلق رکھنے والے باصلاحیت طالب علم حمزہ علی کو اعلی تعلیم کے لیے اسکالرشپ بھی ایوارڈ کیا گیا اور گورنر فیصل کریم کنڈی نے انہیں باضابطہ دستاویزات حوالے کیں۔ امجد عزیز ملک نے بتایا کہ یہ چائنہ ونڈو کی جانب سے دی جانے والی ساتواں اسکالرشپ ہے۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان طویل سیاسی جدوجہد اور بے مثال قربانیوں کے نتیجے میں معرضِ وجود میں آیا اور یومِ آزادی ہمیں قومی اتحاد، جمہوریت، آئین و قانون کی بالادستی اور ملک کی ترقی کے لیے اپنی ذمہ داریوں کا احساس دلاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو پرامن، ترقی یافتہ اور خوش حال ملک بنانے کے لیے نوجوانوں کو معیاری تعلیم، جدید ہنر اور روزگار کے مواقع فراہم کرنا ضروری ہے۔

گورنر نے پاکستان اور چین کی دوستی کو بین الاقوامی تعلقات کی ایک منفرد مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ چین نے اقتصادی ترقی، توانائی، بنیادی ڈھانچے، سائنس، ٹیکنالوجی اور تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔ سی پیک کے دوسرے مرحلے میں صنعت، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، معدنیات، سیاحت اور انسانی وسائل کی ترقی کے نئے مواقع پیدا ہوں گے جن سے خیبر پختونخوا بھی بھرپور استفادہ کر سکتا ہے۔

انہوں نے چائنہ ونڈو کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ پاکستان اور چین کے درمیان عوامی، ثقافتی اور تعلیمی روابط کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
تقریب میں14 جون 2026 ء کو دریائے کابل، سردریاب میں منعقد ہونے والے پاکستان کے پہلے ڈریگن بوٹ فیسٹیول میں حصہ لینے والی ٹیموں، کھلاڑیوں اور منتظمین میں ٹرافیاں اور تعریفی اسناد بھی تقسیم کی گئیں۔ گورنر نے فیسٹیول کو ایک تاریخی اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس نے نہ صرف پاکستان میں ایک نئے کھیل کو متعارف کرایا بلکہ کھیل اور ثقافت کے ذریعے پاک چین دوستی کو عوامی سطح پر فروغ دیا۔
تقریب کی ایک اور اہم خصوصیت چائنہ ونڈو اور پاکستان ٹیلی وژن پشاور مرکز کے اشتراک سے تیار کیے گئے پاک چین دوستی کے نئے ترانے کی باضابطہ رونمائی تھی۔ گورنر فیصل کریم کنڈی نے ترانے کی تیاری میں حصہ لینے والے فن کاروں اور تکنیکی ماہرین کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ موسیقی قوموں کو قریب لانے کا رموثر ذریعہ ہے اور ایسے نغمے دونوں ممالک کی نوجوان نسل میں دوستی اور باہمی احترام کے جذبات کو مزید مضبوط بنائیں گے۔ تقریب کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پاکستان اور چین کے درمیان تعلیم، ثقافت، زبان، کھیل، میڈیا اور عوامی روابط کو مزید وسعت دی جائے گی جبکہ پاکستان کی ترقی، قومی یکجہتی، امن اور خوش حالی کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔
گورنر ہاوس پشاور میں جشن آزادی کی پروقار تقریب، گورنر فیصل کریم کنڈی سمیت سپورٹس شخصیات کی شرکت

پشاور: گورنر ہاوس پشاور میں پاکستان کے یومِ آزادی کے سلسلے میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سمیت سپورٹس سے وابستہ شخصیات اور معززین نے شرکت کی۔ تقریب میں پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے صدر سید اظہر علی شاہ، نثار احمد سمیت دیگر سپورٹس شخصیات اور معززین شریک ہوئے۔ اس موقع پر شرکا نے قومی جوش و جذبے کے ساتھ جشن آزادی منایا اور پاکستان کی ترقی، خوشحالی، استحکام اور روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے جشن آزادی کی خوشیوں میں شریک ہوتے ہوئے قومی یکجہتی، نوجوانوں کی مثبت سرگرمیوں اور کھیلوں کے فروغ کی اہمیت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ کھیل نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور انہیں صحت مند و مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ تقریب کے دوران جشنِ آزادی کے حوالے سے خصوصی کیک کاٹا گیا، جس میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سمیت تمام شرکا نے شرکت کی۔ اس موقع پر ملک کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔ شرکا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کی ترقی اور کھیلوں کے فروغ کے لیے اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں ادا کرتے رہیں گے۔ تقریب کا اختتام پاکستان زندہ باد کے نعروں سے ہوا۔
