
خیبر پختونخوا شطرنج ایسوسی ایشن کا پرایم منسٹر ماینڈ سپورٹس کے تحت شطرنج و سکریبل کے فروغ کا اعلان
پشاور:(سپورٹس رپورٹر) خیبر پختونخوا شطرنج ایسوسی ایشن نے عیدالاضحی کے موقع پر صوبے کے طلباء و طالبات، اساتذہ اور والدین کے لیے ایک انقلابی اور تاریخی اعلان کرتے ہوئےپرایم منسٹر ماینڈ سپورٹس کے تحت سکول میں شطرنج اور سکریبل کو پورے صوبے

کے تمام تعلیمی اداروں میں فروغ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ فیصلہ ایسوسی ایشن کے سرپرست اعلیٰ عارف یوسف ایڈووکیٹ، چیئرمین پرویز علی، صدر نوید ابرار پیرزادہ، سینئر نائب صدر جنید الحق عزیز، نائب صدور ملک انیس، طارق عزیز، اور تمام ایگزیکٹو ممبران بشمول اقلیتی نمائندگان انیل کمار، شان بوٹا، گوند سنگھ و دیگر کے باہمی مشورے اور مکمل اتفاق رائے سے کیا گیا۔
ایسوسی ایشن کے مطابق اس قومی پروگرام کی صوبائی سطح پر قیادت کی ذمہ داری ایسوسی ایشن کے وائس پریذیڈنٹ محمد وقار کو سونپی گئی ہے، جو فی الوقت پاکستان شطرنج فیڈریشن کے ریٹنگ و ڈویلپمنٹ آفیسر بھی ہیں۔ وہ اس منصوبے میں پروجیکٹ کوآرڈینیٹر کے طور پر اپنی خدمات سرانجام دیں گے۔ اعلامیہ خیبر پختونخوا شطرنج ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری محمد ہمایون کی جانب سے جاری کیا گیا۔
محمد وقار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا یہ پروگرام صوبہ خیبر پختونخوا کے تمام گورنمنٹ و پرائیویٹ اسکولز، مدارس، اقلیتی برادری کے طلباء و طالبات کے لیے ایک نیا باب ثابت ہوگا۔ یہ انہیں نہ صرف ذہنی طور پر مضبوط بنائے گا بلکہ انہیں قومی و بین الاقوامی سطح پر نمایاں مقام بھی دے گا۔
تعلیم ہی ترقی کی اصل کنجی ہے اور مائنڈ سپورٹس کے ذریعے ہم نئی نسل کو بہتر مستقبل کی جانب لے جا سکتے ہیں۔انہوں نے حکومت خیبر پختونخوا، محکمہ تعلیم، محکمہ کھیل، اور بین المذاہب ہم آہنگی سمیت متعلقہ اداروں سے بھرپور تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ان اداروں کے اشتراک سے ہم ہر ضلع، ہر ڈویژن، اور ہر کمیونٹی تک اس پروگرام کو پہنچا سکتے ہیں۔ اس سے خیبر پختونخوا اور پاکستان کا نام عالمی سطح پر روشن ہوگا۔
پروگرام کے تحت صوبے بھر میں فیڈے ریٹیڈ شطرنج اور نیشنل سکریبل رینکنگ ٹورنامنٹس کا انعقاد کیا جائے گا، جن کا آغاز عید کے فوراً بعد پشاور میں ہونے والے ایک بڑے فیڈے ریٹیڈ شطرنج ٹورنامنٹ سے کیا جائے گا۔ یہ ٹورنامنٹ خیبر پختونخوا شطرنج ایسوسی ایشن اور پاکستان شطرنج فیڈریشن کے اشتراک سے منعقد ہوگا۔اس کے علاوہ، سال 2025-26 کے پلان کے تحت متعدد ضلعی، ڈویژنل، اور صوبائی سطح کے مائنڈ سپورٹس ایونٹس منعقد کیے جائیں گے، جو ذہنی تربیت، تعلیم، اور نوجوانوں کی خود اعتمادی کو فروغ دینے کے لیے ایک سنگِ میل ثابت ہوں گے۔