ہمایون خان
پشاور: پاکستان جوجٹسو فیڈریشن اور خیبرپختونخوا جوجٹسو ایسوسی ایشن کے اشتراک سے پشاور سپورٹس کمپلیکس میں نیشنل جوجٹسو ریفریز اینڈ ججز سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس میں صوبے کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے 25 سے زائد مرد و خواتین ریفریز نے شرکت کی۔سیمینار میں کراچی سے تعلق رکھنے والے بین الاقوامی ریفریز دلاور سنان اور ابو حریرہ نے بھی شرکت کی۔ دونوں آفیشلز نے حال ہی میں ایشین جوجٹسو چیمپئن شپ میں ریفری کے فرائض انجام دیے تھے۔اس موقع پر پاکستان جوجٹسو فیڈریشن کے ڈائریکٹر تحسین اللہ نے بتایا کہ نیشنل ریفریز اینڈ ججز سیمینار کا مقصد ریفریز اور ججز کو جوجٹسو کے نئے قوانین، قواعد و ضوابط اور بین الاقوامی معیار کے مطابق فیصلہ سازی کے طریقہ کار سے آگاہ کرنا ہے انہوں نے کہا کہ اس تربیتی پروگرام کے ذریعے خیبرپختونخوا کے تمام اضلاع کے ریفریز کو جدید قوانین پر عبور حاصل ہوگا جس سے وہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی مو ¿ثر نمائندگی کرنے کے قابل بن سکیں گے۔تحسین اللہ نے مزید بتایا کہ آئندہ قومی چیمپئن شپ سے قبل دیگر صوبوں میں بھی ریفریز اور ججز کے لیے اسی نوعیت کے سیمینارز منعقد کیے جائیں گے تاکہ ملک بھر کے آفیشلز نئے قوانین سے مکمل آگاہی حاصل کر سکیں اور مقابلوں کے دوران یکساں اور بہتر فیصلہ سازی کو یقینی بنایا جا سکے۔سیمینار کے اختتام پر شرکائ میں سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کیے گئے۔