مشیر کھیل و امور نوجوانان خیبرپختونخوا تاج محمد خان ترند نے انعامات تقسیم کئے
پشاور: نیشنل جونیئر گیمز کے والی بال ایونٹ کے فائنل میں خیبرپختونخوا نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پنجاب کو ایک سخت اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2-3 سیٹس سے شکست دے کر چیمپئن شپ اپنے نام کرلی۔
فائنل میچ نیشنل ٹریننگ اینڈ کوچنگ سینٹر، پاکستان سپورٹس بورڈ ہال پشاور میں کھیلا گیا جہاں دونوں ٹیموں نے اعلیٰ معیار کا کھیل پیش کیا اور شائقین سے بھرپور داد وصول کی۔ میچ انتہائی دلچسپ رہا جس میں خیبرپختونخوا نے فیصلہ کن سیٹ میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے ٹائٹل جیت لیا۔
میچ کے اختتام پر مشیر کھیل و امور نوجوانان خیبرپختونخوا تاج محمد خان ترند مہمان خصوصی تھے جنہوں نے کامیاب اور رنر اپ ٹیموں میں ٹرافیاں اور نقد انعامات تقسیم کیے۔
اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل سپورٹس خیبرپختونخوا تاشفین حیدر،صوبائی والی بال ایسوسی ایشن کے صدر خالد وقار چکمکنی ،اے ڈی فنانس شاہ فیصل،ایڈمنسٹریٹر پشاور سپورٹس کمپلیکس یوسف خان، کوچ واصف اللہ سمیت پاکستان والی بال فیڈریشن اور صوبائی والی بال ایسوسی ایشن کے اعلیٰ عہدیداران بھی موجود تھے۔
مہمان خصوصی تاج محمد خان ترند نے کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ نیشنل جونیئر گیمز نوجوان ٹیلنٹ کو نکھارنے اور قومی سطح پر کھیلوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ کھلاڑی مستقبل میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے بین الاقوامی سطح پر ملک و قوم کا نام روشن کریں گے۔