پاکستانی کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی، تین کھلاڑی فائنل میں پہنچ گئے
پشاور: 33ویں ایشین جونیئر انفرادی اسکواش چیمپئن شپ 2026 میں پاکستانی کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین مختلف کیٹیگریز کے فائنلز میں جگہ بنالی۔ بوائز ایونٹس میں نعمان خان اور احمد ریان خلیل جبکہ گرلز ایونٹ میں ماہور علی نے فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔
بوائز انڈر 15 سیمی فائنل میں احمد ریان خلیل نے ملائیشیا کے سی ای ایل جولیس تان لی ہاو ¿ کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 3-0 سے شکست دی۔ احمد ریان نے 20 منٹ کے کھیل میں 11-5، 11-5 اور 11-5 سے کامیابی حاصل کرکے فائنل میں رسائی حاصل کی۔
بوائز انڈر 17 کے سیمی فائنل میں نعمان خان نے محمد عمیر عارف کو 3-1 سے شکست دی۔ نعمان خان نے 54 منٹ تک جاری رہنے والے مقابلے میں 11-3، 11-13، 11-6 اور 11-7 سے کامیابی سمیٹی۔
دوسری جانب بوائز انڈر 15 کے ایک اور سیمی فائنل میں سہیل عدنان کو ملائیشیا کے ویدھرن روتھیرن کے ہاتھوں سخت مقابلے کے بعد 3-2 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ میچ کے اسکور 8-11، 11-5، 11-8، 8-11 اور 8-11 رہے۔
گرلز انڈر 15 سیمی فائنل میں ماہور علی نے ہانگ کانگ کی تانگ چنگ سور کو 3-1 سے شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کیا۔ ماہور علی نے 11-6، 11-9، 10-12 اور 11-4 سے کامیابی حاصل کی۔
پاکستانی اسکواش حلقوں نے کھلاڑیوں کی عمدہ کارکردگی کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ قومی کھلاڑی فائنلز میں کامیابی حاصل کرکے ملک کیلئے اعزاز اپنے نام کریں گے۔