ریجنل سپورٹس آفیسر کاشف فرحان اور صوبائی صدر شیراز محمد کا ویٹ لفٹنگ کے فروغ پر زور دیا
پشاور (سپورٹس رپورٹر) پشاور میں ویٹ لفٹنگ کے کھیل کے فروغ اور نوجوان ٹیلنٹ کو سامنے لانے کیلئے پشاور انٹر کلبز ویٹ لفٹنگ ٹورنامنٹ کا باقاعدہ آغاز ہو گیا۔ قیوم سٹیڈیم میں منعقدہ اس ایونٹ میں پشاور کے تمام رجسٹرڈ ویٹ لفٹنگ کلبوں کے کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھا رہے ہیں۔
افتتاحی تقریب کے مہمانِ خصوصی ریجنل سپورٹس آفیسر پشاور کاشف فرحان تھے، جبکہ اس موقع پر صوبائی ویٹ لفٹنگ ایسوسی ایشن کے صدر شیراز محمد، صوبائی کراٹے ایسوسی ایشن کے سینئر نائب صدر خالد نور سمیت بڑی تعداد میں کھلاڑی، کوچز اور سپورٹس شائقین بھی موجود تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ریجنل سپورٹس آفیسر کاشف فرحان نے کہا کہ ویٹ لفٹنگ نوجوانوں کی جسمانی و ذہنی تربیت کا بہترین ذریعہ ہے اور ایسے ٹورنامنٹس کے ذریعے نہ صرف کھیل کو فروغ ملتا ہے بلکہ باصلاحیت کھلاڑیوں کو آگے بڑھنے کے مواقع بھی میسر آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی محکمہ کھیل اورپشاور ڈویژن کی سطح پر نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کیلئے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔
صوبائی ویٹ لفٹنگ ایسوسی ایشن کے صدر شیراز محمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس انٹر کلب ٹورنامنٹ کے انعقاد کا بنیادی مقصد پشاور میں ویٹ لفٹنگ کے کھیل کو مزید مضبوط بنانا اور آنے والے انڈر 21 گیمز کیلئے بہترین کھلاڑیوں کا انتخاب کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کے مقابلے کھلاڑیوں کی تکنیکی مہارت کو نکھارنے اور انہیں قومی سطح کیلئے تیار کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ویٹ لفٹنگ ایسوسی ایشن نوجوان کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنے کیلئے مستقبل میں بھی ایسے ایونٹس کا انعقاد جاری رکھے گی۔
واضح رہے کہ پشاور انٹر کلبز ویٹ لفٹنگ ٹورنامنٹ کا فائنل مقابلہ 28 جنوری کو کھیلا جائے گا، جس کے بعد نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو اعزازات سے نوازا جائے گا۔