طارق پرویز صدر امداد اللہ میمن سینئر نائب صدر جبکہ طارق ظفر کو سیکرٹری جنرل منتخب ہوگئے
ہمایون خان
پاکستان باڈی بلڈنگ اینڈ فٹنس فیڈریشن کے انتخابات آئندہ چار سال کے مکمل ہوگئے ، طارق پرویز صدر امداد اللہ میمن سینئر نائب صدر جبکہ طارق ظفر کو سیکرٹری جنرل منتخب ہوگئے ، انتخابات پاکستان اولمپک ہاس لاہور میں الیکشن کمیشن پاکستان باڈی بلڈنگ ایسوسی ایشن کی زیرنگرانی منعقد ہوئے ،الیکشن کمیشن کے ممبران میں محمد عبداللہ ایڈوکیٹ ہائی کورٹ چیئر مین ، اعجاز احمد رانا ایڈوکیٹ ہائی کورٹ سیکرٹری ، محمد وجیہ الدین ایڈوکیٹ ممبر ، سحرش حاور ایڈوکیٹ ممبر شامل تھے ۔ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کی جانب سے محمد جہانگیر چیئر مین پاکستان کراٹے فیڈریشن نے بطور آبزرور شرکت کی اور انتخابات کی نگرانی کی ، انتخابی جنرل کونسل اجلاس میں بلوچستان ، خیبرپختونخوا ، پنجاب ، سندھ ، اسلام آباد ، ، پاکستان واپڈا ، پولیس ، ریلوے ، ایچ ای سی ، پاکستان ججز ایسوسی ایشن اور ایتھلیٹس کمیشن کے نمائندوں نے شرکت کی ۔ الیکشن کمیشن نے پی او اے اور فیڈریشن کے آئین اور قانون کے تحت تمام تقاضے پورے کرتے ہوئے شفاف طریقے سے مکمل غیر جانبداری سے ان انتخابات کا انعقاد کیا ۔پاکستان باڈی بلڈنگ اینڈ فٹنس فیڈریشن کے انتخابات کے حوالے سے الیکشن کمیشن نے حتمی نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے 2026سے 2030تک چار سالہ مدت کے لیے 21 عہدیداران کے بلامقابلہ منتخب ہونے کا اعلان کردیا۔ الیکشن کمیشن کے حتمی نوٹیفکیشن کے مطابق طارق پرویز کو صدر، امداداللہ میمن کو سینئر نائب صدر، محمد عمر سلیم اور سید حیدر عباس کو نائب صدور، جبکہ طارق ظفر کو سیکرٹری جنرل منتخب قرار دیا گیا ہے۔ خالد علی جوائنٹ/ڈپٹی سیکرٹری، عبدالعلی خزانچی جبکہ محمد اقبال، علی عمران اور شیخ محمد محسن جاوید انور کو ایسوسی ایٹ سیکرٹری مقرر کیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق حیدر خان، محمد اویس خان، عائشہ عروج، محمد عمران قریشی، سارا علی عمران، سید یاسر عباس، رئیس احمد خان اور احسان اللہ خان ایگزیکٹو ممبران منتخب ہوئے، جبکہ ہدایت خلیل اللہ، محمد شہباز اور شکیل الیاس کو انفرادی ممبران قرار دیا گیا ہے۔
نومنتخب صدر طارق پرویز نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فیڈریشن نے اس سے پہلے ادوار میں بھی نیشنل جونیئر ، سینئر ، اور فٹنس کے مقابلے باقاعدگی سے منعقد کرائے ، گزشتہ چار میں پشاور میں 2022,23 اور 2025 میں جبکہ لاہور میں 2024 میں قومی مقابلوں کا انعقاد کیااس کے علاوہ متعددد انٹرنیشنل میڈلز بھی اپنے نام کئے آخر میں انہوں نے ایسوسی ایشن ، ڈیپارٹمنٹس ، ججز ایسوسی ایشن ، ایتھلیٹس کمیشن اور انفرادی ممبرز کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا کہ سب کے تعاون سے فیڈریشن کے عہدیداروں کا بلا مقابلہ انتخاب ممکن ہوا ور انہیں بطور صدر منتخب کیا اور اعتماد کیا انہوں نے کہا کہ آئندہ بھی وہ بھرپور طریقے سے باڈی بلڈنگ اور فٹنس چیلنج کے کھیل کے فروغ اور ترقی میں تمام ساتھیوں کے تعاون سے بھرپور اقدامات کریں گے۔