عاصم شیراز
پشاور: 14ویں ساؤتھ ایشین گیمز 2027 میں خیبرپختونخوا کو بالآخر دو کھیلوں جوڈو اور والی بال کی میزبانی مل گئی۔ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق دونوں کھیلوں کے مقابلے پشاور کے قیوم سپورٹس کمپلیکس میں منعقد ہوں گے۔ خیبرپختونخوا کو ساؤتھ ایشین گیمز کی میزبانی کے حوالے سے ابتدائی طور پر کسی کھیل کی میزبانی نہ ملنے پر صوبائی حکومت، پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن سے وابستہ حلقوں، کھیلوں کی تنظیموں اور کھلاڑیوں کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا تھا۔ صوبے کے کھیلوں سے وابستہ حلقوں نے مطالبہ کیا تھا کہ خیبرپختونخوا کو بھی ان بین الاقوامی سطح کے مقابلوں کی میزبانی کا موقع دیا جائے تاکہ صوبے میں موجود کھیلوں کے انفراسٹرکچر اور ٹیلنٹ کو عالمی سطح پر اجاگر کیا جاسکے۔
ان مطالبات اور ردعمل کے بعد ساؤتھ ایشین گیمز کے منتظمین کی جانب سے خیبرپختونخوا کو دو کھیلوں کی میزبانی دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری مراسلے میں پشاور کو جوڈو اور والی بال کے مقابلوں کے میزبان شہر کے طور پر شامل کیا گیا ہے، جبکہ دونوں کھیلوں کے لیے قیوم سپورٹس کمپلیکس کو مجوزہ وینیو قرار دیا گیا ہے۔
دستاویز کے مطابق 14ویں ساؤتھ ایشین گیمز کے لیے اسلام آباد میں 12، لاہور میں 14 جبکہ پشاور میں دو کھیلوں کے مقابلوں کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ اسلام آباد میں ایتھلیٹکس، بیڈمنٹن، باسکٹ بال، بلیئرڈز اینڈ سنوکر، فٹبال، کراٹے، روئنگ، اسکواش، ٹیبل ٹینس، ٹینس، ٹرائیتھلون اور ویٹ لفٹنگ جبکہ لاہور میں تیراندازی، باکسنگ، کرکٹ، فینسنگ، گالف، ہینڈبال، ہاکی، کبڈی، رگبی، شوٹنگ، سوئمنگ، تائیکوانڈو، ریسلنگ اور ووشو کے مقابلوں کے لیے مختلف وینیوز تجویز کیے گئے ہیں۔
خیبرپختونخوا کو دو کھیلوں کی میزبانی ملنے پر مشیر کھیل و امور نوجوانان خیبرپختونخوا تاج محمد خان ترند، سابق صوبائی وزیر کھیل سید عاقل شاہ، اولمپک سیکرٹری ذوالفقار بٹ اور ڈائریکٹر جنرل سپورٹس خیبرپختونخوا تاشفین حیدر نے پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن اور ساؤتھ ایشین گیمز کے منتظمین کا شکریہ ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کو ساؤتھ ایشین گیمز میں میزبانی ملنا صوبے کے لیے اعزاز ہے اور اس سے نہ صرف صوبے میں کھیلوں کے فروغ کو تقویت ملے گی بلکہ خیبرپختونخوا کے بہترین کھیلوں کے انفراسٹرکچر اور کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کا موقع بھی ملے گا۔صوبائی حکام نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ساؤتھ ایشین گیمز کے مقابلوں کے کامیاب اور شاندار انعقاد کے لیے صوبائی حکومت پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن اور متعلقہ کھیلوں کی فیڈریشنز کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گی اور قیوم سپورٹس کمپلیکس میں جوڈو اور والی بال کے مقابلوں کے لیے ضروری انتظامات کو اعلیٰ معیار کے مطابق مکمل کیا جائے گا۔ کھیلوں سے وابستہ حلقوں نے بھی خیبرپختونخوا کو میزبانی ملنے کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے صوبے کے لیے ایک مثبت پیش رفت قرار دیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ مستقبل میں بھی مزید قومی اور بین الاقوامی کھیلوں کے مقابلوں کی میزبانی خیبرپختونخوا کو دی جائے گی۔