ڈپٹی کمشنر سوات سلیم جان مروت نے خصوصی کھلاڑیوں میں ٹرافیاں تقسیم کیے
سوات: چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کے “گڈ گورننس روڈ میپ”کے تحت ضلعی انتظامیہ سوات کے زیرِ اہتمام گراسی گراونڈ میں خصوصی افراد کے لیے کرکٹ، رسہ کشی اور دیگر کھیلوں کے رنگا رنگ مقابلوں کا انعقاد کیا گیا۔ ان مقابلوں میں کرک، کوہاٹ اور پشاور سے تعلق رکھنے والے سپیشل پرسن کھلاڑیوں نے بھرپور جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی۔

فائنل مقابلوں کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر سوات سلیم جان مروت نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے فاتح اور رنر اپ سپیشل پرسن کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اور انعامات تقسیم کیے۔ انہوں نے کامیاب کھلاڑیوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کی صلاحیتوں، عزم اور کھیل کے جذبے کو سراہا۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سوات سلیم جان مروت نے اپنے خطاب میں کہا کہ خصوصی افراد ہمارے معاشرے کا نہایت اہم اور قابلِ قدر حصہ ہیں۔ انہیں کھیلوں سمیت زندگی کے ہر شعبے میں یکساں مواقع فراہم کرنا، ان کی حوصلہ افزائی کرنا اور ضروری سہولیات مہیا کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کھیلوں کی ایسی سرگرمیاں خصوصی افراد کے اعتماد میں اضافے، ان کی صلاحیتوں کے اظہار اور معاشرے میں موثر شمولیت کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلعی انتظامیہ مستقبل میں بھی خصوصی افراد کی فلاح بہبود اور ان کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے ایسے پروگراموں کا انعقاد جاری رکھے گی۔