ہمایون خان
پشاور: سپورٹس رائٹرز ایسوسی ایشن خیبرپختونخوا کے زیراہتمام ضلعی انتظامیہ پشاور اور ریجنل سپورٹس آفس کے تعاون سے صوبے کے سپورٹس جرنلسٹس کے اعزاز میں ایک پروقار ایوارڈ تقریب 9 جون کو پشاور کے مقامی ہوٹل میں منعقد ہوگی۔ تقریب میں کھیلوں کے فروغ، کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور سپورٹس صحافت کے میدان میں نمایاں خدمات انجام دینے والے سینئر سپورٹس جرنلسٹس کو ایوارڈز، تعریفی اسناد اور یادگاری شیلڈز سے نوازا جائے گا۔سپورٹس رائٹرز ایسوسی ایشن خیبرپختونخوا کے صدر عاصم شیراز نے تقریب کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس ایوارڈ تقریب کا بنیادی مقصد سپورٹس جرنلسٹس کی خدمات کا اعتراف کرنا، ان کی حوصلہ افزائی کرنا اور کھیلوں کے شعبے میں مثبت اور تعمیری صحافت کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سپورٹس صحافی کھیلوں کی سرگرمیوں کو اجاگر کرنے، نوجوان ٹیلنٹ کو سامنے لانے اور کھیلوں کے مسائل متعلقہ اداروں تک پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں، اس لئے ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ سپورٹس رائٹرز ایسوسی ایشن گزشتہ 45 برسوں سے صوبے میں کھیلوں کے فروغ، کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی، کھیلوں کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے اور سپورٹس جرنلسٹس کے حقوق کے تحفظ کیلئے بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔ ایوارڈ تقریب اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے جس کے ذریعے سینئر صحافیوں کی خدمات کو سراہنے کے ساتھ ساتھ نوجوان سپورٹس جرنلسٹس کو بھی اعلی معیار کی صحافت کیلئے ترغیب دی جائے گی۔عاصم شیراز نے بتایا کہ تقریب میں مشیر کھیل خیبرپختونخوا تاج محمد خان ترند بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے جبکہ کھیلوں، صحافت اور سماجی شعبوں سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات بھی تقریب میں شریک ہوں گی۔ اس موقع پر سپورٹس جرنلسٹس کے مابین منعقدہ تین روزہ سپورٹس فیسٹیول کے مختلف مقابلوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے فاتح کھلاڑیوں میں انعامات بھی تقسیم کئے جائیں گے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ ایسی تقریبات نہ صرف سپورٹس جرنلسٹس کی حوصلہ افزائی کا باعث بنیں گی بلکہ صوبے میں کھیلوں کے فروغ، مثبت صحافت کے استحکام اور نوجوان نسل کو کھیلوں کی جانب راغب کرنے میں بھی اہم کردار ادا کریں گی۔