پشاور( سپورٹس رپورٹر) شہید ناظم شاہد گل کرکٹ ٹورنامنٹ سیزن 4 شاندار انداز میں اختتام پذیر ہو گیا۔ فائنل میچ میں اعجاز الیون نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈاکٹر شوکت الیون کو شکست دے کر ٹورنامنٹ کی ٹرافی اپنے نام کر لی۔فائنل مقابلے میں ڈاکٹر شوکت الیون نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ اوورز میں 90 رنز اسکور کیے۔ ہدف کے تعاقب میں اعجاز الیون نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے مطلوبہ ہدف کامیابی سے حاصل کر لیا اور فائنل میچ اپنے نام کر لیا۔میچ کے دوران شائقین کرکٹ کی بڑی تعداد موجود رہی، جنہوں نے کھلاڑیوں کے شاندار کھیل کو خوب سراہا۔تقریب کے مہمانِ خصوصی میں ملک انعام بہادر شیر، ملک حیدر، حاجی شیر گل اور سی ای او اسما حاجی اکرام شامل تھے۔ اختتامی تقریب میں مہمانانِ خصوصی نے جیتنے والی ٹیم اور نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔ کرکٹ ٹورنامنٹ کاکامیاب انعقاد پر منتظمین کو شائقین اور کھلاڑیوں کی جانب سے زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ شہید ناظم شاہد گل کرکٹ ٹورنامنٹ نے نہ صرف نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع فراہم کیا بلکہ علاقائی سطح پر کرکٹ کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کیا۔