پشاور( سپورٹس رپورٹر) اسلامیہ کالج پشاور کے سیکنڈ ایئر کے طالب علم زاہد آفریدی نے بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن پشاور کے زیرِ اہتمام ہونے والے کھیلوں کے مقابلوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 2025-26 کے بیسٹ اتھلیٹ کا اعزاز حاصل کر لیا۔
زاہد آفریدی نے 100 میٹر ریس، 200 میٹر ریس اور لانگ جمپ میں پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ ڈسکس تھرو اور شاٹ پٹ میں دوسری پوزیشن حاصل کر کے اپنی غیرمعمولی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔
اس موقع پر وائس چانسلر اسلامیہ کالج پشاور پروفیسر ڈاکٹر احمد الرحمن سلجوقی نے زاہد آفریدی کی شاندار کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسلامیہ کالج پشاور نے ماضی میں بھی اقبال شنواری، خبیب آفریدی، بحر کرم، محمد شاہ، جعفر شاہ، اسد اقبال، عبدالوھاب اولمپئن اور عطا اللہ جیسے نامور کھلاڑی پیدا کیے ہیں، جن پر ادارہ فخر کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسی تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے زاہد آفریدی کی کامیابی بھی قابلِ تحسین ہے اور کالج انہیں خراجِ تحسین پیش کرتا ہے۔
وائس چانسلر نے مزید کہا کہ اسلامیہ کالج پشاور کا سپورٹس ڈیپارٹمنٹ ہر سال ٹرائلز کے ذریعے باصلاحیت کھلاڑیوں کی تلاش (ٹیلنٹ ہنٹ) کرتا ہے تاکہ نوجوان ٹیلنٹ کو آگے لایا جا سکے۔
اس موقع پر علی ہوتی نے سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ متعلقہ عملہ دن رات محنت کر رہا ہے۔ تقریب میں رجسٹرار ڈاکٹر منصور جلالی اور ایڈیشنل رجسٹرار ڈاکٹر زکریا قاسمی بھی موجودتھے۔