رپورٹ: غنی الرحمن
پشاور: پشاور انٹر کلبز ویٹ لفٹنگ ٹورنامنٹ کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا، جس میں قیوم سٹیڈیم کلب نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گولڈ میڈل حاصل کیا، لیجنڈز کلب نے دوسری جبکہ پاک اتھلیٹ کلب نے تیسری پوزیشن اپنے نام کی۔
تین روزہ ٹورنامنٹ ریجنل سپورٹس آفیسر پشاور کے تعاون سے صوبائی ویٹ لفٹنگ ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام قیوم سٹیڈیم پشاور میں منعقد ہوا، جس میں پشاور کے پانچ رجسٹرڈ کلبوں کے کھلاڑیوں نے بھرپور شرکت کی۔ مقابلوں کے دوران کھلاڑیوں نے عمدہ تکنیک، طاقت اور مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے شائقین سے خوب داد وصول کی اور اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔
اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی ریجنل سپورٹس آفیسر پشاور کاشف فرحان تھے۔ اس موقع پر صوبائی ویٹ لفٹنگ ایسوسی ایشن کے صدر شیراز محمد، خیبرپختونخوا اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری ذوالفقار علی بٹ اور ویٹ لفٹنگ کوچ محمد زبیر شیراز بھی موجود تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی کاشف فرحان نے کہا کہ کھیل کود انسان کی جسمانی و ذہنی نشوونما کے لیے نہایت ضروری ہیں، یہی وجہ ہے کہ حکومت صوبے بھر میں کھیلوں کے فروغ اور نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔
صوبائی ویٹ لفٹنگ ایسوسی ایشن کے صدر شیراز محمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ ان کی کوشش ہے کہ نہ صرف پشاور بلکہ خیبرپختونخوا کے تمام اضلاع میں ویٹ لفٹنگ کھیل کو فروغ دیا جائے اور گراس روٹس سطح سے باصلاحیت کھلاڑی سامنے لائے جائیں۔ تاہم انہوں نے اس امر کی نشاندہی کی کہ ویٹ لفٹنگ ایسوسی ایشن کو بنیادی سہولیات اور سامان کی فراہمی میں شدید مشکلات کا سامنا ہے، کیونکہ ویٹ لفٹنگ کا سامان انتہائی مہنگا ہے جسے تمام اضلاع تک فراہم کرنا ایسوسی ایشن کے لیے ممکن نہیں۔
انہوں نے صوبائی محکمہ کھیل سے مطالبہ کیا کہ ویٹ لفٹنگ کے فروغ کے لیے جدید سامان کی فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ نوجوان کھلاڑیوں کو بہتر مواقع میسر آسکیں۔