پشاور: پختونخوا قومی جرگہ تپہ خلیل کے چیف فخر عالم خلیل نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو کھیلوں کی سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے کیونکہ جہاں کھیلوں کے میدان آباد ہوں گے وہاں ہسپتال ویران ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ منشیات ایک لعنت ہے اور نوجوان نسل کو اس ناسور سے بچانے کے لیے کھیلوں کا فروغ ناگزیر ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے لیگ کے افتتاحی میچ کے موقع پر بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ افتتاحی میچ مارخور ٹیم اور آر سی سی (ریگی کرکٹ کلب) کے درمیان کھیلا گیا جس میں کھلاڑیوں نے شاندار کھیل پیش کرکے شائقینِ کرکٹ سے خوب داد وصول کی۔

فخر عالم خلیل نے کہا کہ نوجوان معاشرے کا قیمتی سرمایہ ہیں اور ان کی مثبت سرگرمیوں کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اور ان کی ٹیم نوجوانوں کے لیے کھیلوں کے میدان آباد کرنے اور کھیلوں کے فروغ کے لیے اپنی خدمات جاری رکھیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ کھیل نوجوانوں کو منشیات اور دیگر منفی سرگرمیوں سے دور رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مارخور ٹیم نے مقررہ 10 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 120 رنز بنائے۔ مارخور کے بیٹرز نے جارحانہ انداز اپنایا تاہم آر سی سی کے بولرز نے بہترین باؤلنگ کرتے ہوئے مخالف ٹیم کو بڑا اسکور کرنے سے روک دیا۔
آر سی سی کی جانب سے اسد اللہ نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کیا اور اپنے 3 اوورز میں صرف 14 رنز دے کر 3 اہم وکٹیں حاصل کیں۔ ان کی عمدہ باؤلنگ نے میچ کا پانسہ بدلنے میں اہم کردار ادا کیا۔
120 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آر سی سی نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 9 اوورز میں مطلوبہ ہدف حاصل کرکے میچ اپنے نام کر لیا۔ ٹیم کے بلے بازوں نے ابتدا ہی سے مثبت انداز اپنایا اور شاندار اسٹروکس کھیل کر شائقین کو خوب محظوظ کیا۔
محمد نے ذمہ دارانہ اور جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 50 رنز اسکور کیے جس پر انہیں مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ ان کی شاندار اننگز نے ٹیم کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا۔

میچ کے اختتام پر آر سی سی کے کپتان ساران علی نے کہا کہ کامیابی پوری ٹیم کی مشترکہ محنت کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں نے بہترین کھیل پیش کیا اور آئندہ بھی اسی جذبے کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔
افتتاحی میچ کے دوران شائقینِ کرکٹ کی بڑی تعداد موجود تھی جنہوں نے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔ آخر میں مہمان خصوصی نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے اور کامیاب ٹیم کو مبارکباد پیش کی۔