مہمان خصوصی سابق صوبائی وزیر کھیل سیدعاقل شاہ کا کھیلوں کی سہولیات کی زبوں حالی پر تشویش کا ا ظہار
ہمایون خان
پشاور: خیبرپختونخوا ٹینس ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام پشاور سپورٹس کمپلیکس میں آئی ٹی ایف انٹرنیشنل ٹائٹل جیتنے والے پشاور کے نوجوان ٹینس اسٹار محمد شعیب کے اعزاز میں خصوصی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں سابق صوبائی وزیر کھیل سید عاقل شاہ اور ڈی جی سپورٹس تاشفین حیدر مہمان خصوصی تھے، جبکہ مختلف کھیلوں اور انتظامی شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات بھی شریک ہوئیں۔

محمد شعیب کی سپورٹس کمپلیکس آمد پر پرتپاک استقبال کیا گیا اور انہیں پھولوں کے ہار پہنائے گئے۔ اس موقع پر خیبرپختونخوا ٹینس ایسوسی ایشن کے نائب صدر عمر ایاز خلیل،صدر اولمپک ایسوسی ایشن ہارون ظفر، سیکرٹری اولمپک ایسوسی ایشن ذوالفقار بٹ، چیف کوچ شفقت اللہ، ڈپٹی ڈائریکٹر سپورٹس کاشف فرحان اور دیگر بھی موجود تھے۔ تقریب کے دوران کے پی ٹینس ایسوسی ایشن کے صدر ڈی آئی جی سلیم مروت کی جانب سے محمد شعیب کو 50 ہزار روپے نقد انعام بھی دیا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سید عاقل شاہ نے محمد شعیب کی کامیابی کو خیبرپختونخوا اور پاکستان کے لیے بڑا اعزاز قرار دیتے ہوئے کہا کہ 25 سال بعد کسی ٹینس کھلاڑی نے آئی ٹی ایف ٹائٹل اپنے نام کیا ہے، جو صوبے میں موجود ٹیلنٹ کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ محمد شعیب نے محدود وسائل اور ناکافی سہولیات کے باوجود بین الاقوامی سطح پر کامیابی حاصل کی، جو قابل ستائش ہے۔

سید عاقل شاہ نے پشاور سپورٹس کمپلیکس اور دیگر کھیلوں کے میدانوں کی ابتر حالت پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں کو بنیادی سہولیات تک میسر نہیں۔ انہوں نے ٹینس کورٹ میں لگے پھٹے ہوئے نیٹ، خستہ حال کورٹ اور جدید سہولیات کے فقدان کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ کئی سالوں سے کورٹ کی حالت بہتر نہیں بنائی گئی، جبکہ الیکٹرانک اسکور بورڈ سمیت دیگر ضروری سہولیات بھی دستیاب نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں کم وسائل کے باوجود بہتر کھلاڑی سامنے آتے تھے، مگر آج بڑے ترقیاتی دعووں کے باوجود زمینی حقائق مختلف ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کھیلوں کے انفراسٹرکچر کی دیکھ بھال نہ ہونے کے باعث صوبے کے باصلاحیت کھلاڑی مشکلات کا شکار ہیں۔
سید عاقل شاہ نے مزید کہا کہ اگر یہی کامیابی کسی دوسرے صوبے میں حاصل ہوتی تو کھلاڑی کو بڑے مالی انعامات اور حکومتی سرپرستی ملتی، تاہم خیبرپختونخوا میں کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور ٹیلنٹ ہنٹ کے مو ¿ثر نظام کا فقدان ہے۔
انہوں نے بتایا کہ محمد شعیب جلد امریکہ روانہ ہوں گے جہاں وہ کوچنگ اور تربیتی پروگرام میں حصہ لیں گے، جس سے ان کی صلاحیتوں میں مزید نکھار آئے گا۔ تقریب کے اختتام پر شرکا نے محمد شعیب کے لیے نیک تمناو ¿ں کا اظہار کرتے ہوئے حکومتی سطح پر کھیلوں کی سہولیات بہتر بنانے کا مطالبہ کیا۔