ہمایون خان
پشاور: اسلامیہ کالج پشاور کے تاریخی ھاکی گروانڈ پر معرکہ حق کی کامیابی کا ایک سال مکمل ہونے پر پشاور کے اسلامیہ کالج ہاکی ٹرف پر اسلامیہ کالج سینئرز اور اسلامیہ کالج جونئیرز کے درمیان ایک پروقار اور شاندار نمائشی ہاکی میچ کا انعقاد کیا۔ کمانڈر 102 بریگیڈئر مبشر احمدعباسی میچ کے مہمان خصوصی تھے۔وائس چانسلر اسلامیہ کالج یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر احمد الرحمان سلجوقی، انٹرنیشنل ہاکی امپائرز مینجر فیض محمد فیضی، اسلامیہ کالج یونیورسٹی کے ڈائریکٹر سپورٹس علی ہوتی، ایشین سپورٹس جرنلسٹس فیڈریشن کے صدر امجد عزیز ملک،اولمپئن رحیم خان، انٹرنیشنل ہاکی پلئیرز روف خان، ڈپٹی رجسٹرار شبیر احمد مرتضٰی اشرف، شفقت اللہ، طفیل خان، افسر خان، محمد نواز حمزہ طفیل، مقامی کھلاڑیوں اور طلباء کی بڑی تعداد افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے گراؤنڈ میں موجود تھے۔ مہمان خصوصی بریگیڈئر مبشر احمدعباسی کا کھلاڑیوں سے تعارف کروایا گیا انہوں نے فاتح اور رنرز اپ ٹیم کو ٹرافیاں بھی دیں۔ نمائشی میچ میں پشاورکے باصلاحیت اور پُرجوش کھلاڑیوں نے بھرپور شرکت کی۔ دونوں ٹیموں نے انتہائی شاندار کھیل پیش کیا۔ سنسنی خیز اور سخت مقابلے کے بعداسلامیہ کالج یونی ورسٹی کی سینئر ٹیم نے جونئیر ٹیم کو تین کے مقابلے میں چار گول سے ہرا دیا۔ میچ کے دوران کھلاڑیوں نے بہترین ٹیم ورک، مہارت اور کھیل کے اعلیٰ معیار کا مظاہرہ کیا۔

مہمانِ خصوصی بریگیڈئر مبشر احمد عباسی نے نوجوان کھلاڑیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کھیل نوجوان نسل کی شخصیت سازی، نظم و ضبط، برداشت اور قومی یکجہتی کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہاکی پاکستان کا قومی کھیل ہے اور نوجوان کھلاڑی محنت، لگن اور مستقل مزاجی کے ذریعے ملک و قوم کا نام روشن کر سکتے ہیں۔
انہوں نے معرکہ حق کی پہلی سالگرہ کے موقع پر میچ کے انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد پیش کی, اولمپئنز اور انٹرنیشنل کھلاڑیوں کو خراج تحسین پیش کیا اور اسلامیہ کالج یونیورسٹی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آج ہم معرکہ حق کی پہلی سالگرہ کے موقع پر اُن عظیم قربانیوں، جرات اور قومی وحدت کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لئے جمع ہوئے ہیں جنہوں نے پاکستان کی سلامتی اور استحکام کو مزید مضبوط بنایا۔ افواجِ پاکستان نے ہمیشہ مادرِ وطن کے دفاع میں اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، بہادری اور غیر متزلزل عزم کا مظاہرہ کیا ہے، جبکہ قوم نے بھی ہر مشکل گھڑی میں اپنی افواج کے ساتھ یکجہتی کا ثبوت دیا۔انہوں نے کہا کہ کہ معرکہ حق صرف ایک عسکری کامیابی نہیں بلکہ قومی عزم، اتحاد اور حب الوطنی کی روشن مثال ہے۔ آج ہم اپنے شہداء اور غازیوں کو سلام پیش کرتے ہیں جن کی قربانیوں کی بدولت پاکستان امن، وقار اور طاقت کی علامت بن کر ابھرا ہے۔۔اس موقع پر ہاکی کھلاڑیوں نے پاکستان زندہ باد اور افواج پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے۔