پشاور: محکمہ کھیل خیبر پختونخوا کی جانب سے احمد زمان کو ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر پشاور تعینات کر دیا گیا ہے، جس پر کھیلوں کے حلقوں، کھلاڑیوں اور نوجوانوں نے خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ احمد زمان کو ایک متحرک، باصلاحیت اور کھیل دوست آفیسر کے طور پر جانا جاتا ہے جنہوں نے ماضی میں ہزارہ ریجن میں اپنی خدمات کے دوران کھیلوں کے فروغ کیلئے نمایاں کردار ادا کیا۔ ذرائع کے مطابق احمد زمان نے ہزارہ ریجن میں مختلف سپورٹس ایونٹس کے کامیاب انعقاد کو یقینی بنایا اور نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کیلئے بھرپور مواقع فراہم کیے۔ ان کی قیادت میں متعدد ضلعی اور ریجنل سطح کے ٹورنامنٹس منعقد ہوئے جن میں نوجوان کھلاڑیوں نے بھرپور شرکت کی اور اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ احمد زمان نے نہ صرف کھیلوں کے میدان آباد کرنے پر توجہ دی بلکہ سپورٹس انفراسٹرکچر کی بہتری کیلئے بھی موثر اقدامات اٹھائے۔ کھیلوں کی سہولیات کی فراہمی، گرانڈز کی بحالی، نوجوان ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی اور صحت مند سرگرمیوں کے فروغ کیلئے ان کی خدمات کو مختلف حلقوں میں سراہا گیا۔کھیلوں سے وابستہ شخصیات کا کہنا ہے کہ پشاور جیسے بڑے شہر میں احمد زمان کی تعیناتی نوجوان کھلاڑیوں کیلئے خوش آئند ثابت ہوگی اور ان کی موجودگی میں کھیلوں کی سرگرمیوں میں مزید اضافہ ہوگا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نئے ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر کی قیادت میں نہ صرف سپورٹس کلچر کو فروغ ملے گا بلکہ نئے ٹیلنٹ کو بھی سامنے آنے کے مواقع میسر آئیں گے۔شہر کے کھلاڑیوں، کوچز اور سپورٹس تنظیموں نے احمد زمان کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ پشاور میں کھیلوں کے میدانوں کو دوبارہ آباد کرنے، نوجوان نسل کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے اور مختلف کھیلوں کے فروغ کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔
پریس ریلیز کے مطابق احمد زمان نے اپنی تعیناتی پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ پشاور میں کھیلوں کے فروغ، نوجوان کھلاڑیوں کی سرپرستی اور جدید سپورٹس سہولیات کی فراہمی کیلئے بھرپور کوششیں کریں گے تاکہ صوبے کا مثبت تشخص اجاگر ہو اور نوجوان نسل صحت مند سرگرمیوں کی طرف راغب ہو سکے۔