عالمی سپورٹس جرنلسٹس تنظیم کی جانب سے ایگزیکٹو کمیٹی کا لائف ٹائم رکن منتخب ہونا پاکستان خصوصاً خیبرپختونخوا کے لیے باعث فخر ہے، مقررین
پشاور ( سپورٹس رپورٹر) عالمی سپورٹس جرنلسٹس تنظیم کمیٹی کا لائف ٹائم اعزازی رکن منتخب کیے جانے پر خیبرپختونخوا سپورٹس رائٹرز ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام ایک پروقار استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں کھیلوں اور صحافت سے وابستہ شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب میں سکواش لیجنڈ قمر زمان،، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس تاشفین حیدر ،پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے صدر اظہر علی شاہ، سابق صدر نثار احمد، صوبائی اولمپک ایسوسی ایشن کے امجد خان، ایس ڈبلیو اے کے صدر عاصم شیراز اور سیکرٹری شاہد آفریدی سمیت نمایاں شخصیات شریک ہوئیں۔ اس موقع پر امجد عزیز ملک کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور انہیں پھولوں کے گلدستے، ہار، روایتی پگڑی اور یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔

اپنے خطاب میں امجد عزیز ملک نے کہا کہ انہوں نے سپورٹس جرنلزم میں چالیس برس مکمل کر لیے ہیں اور یہ بین الاقوامی اعزاز ان کی مسلسل محنت، لگن اور ساتھیوں کی محبت کا ثمر ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہمیشہ کھیلوں کے فروغ اور سپورٹس صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے کوشاں رہے ہیں اور آئندہ بھی اپنی خدمات جاری رکھیں گے۔ انہوں نے اس اعزاز پر AIPS اور سپورٹس رائٹرز ایسوسی ایشن کا شکریہ ادا کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قمر زمان، اظہر علی شاہ اور عاصم شیراز نے امجد عزیز ملک کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کا لائف ٹائم ایگزیکٹو رکن منتخب ہونا پاکستان خصوصاً خیبرپختونخوا کے لیے باعث فخر ہے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ امجد عزیز ملک نے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور انتھک محنت کے ذریعے عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کیا، جو دیگر صحافیوں کے لیے مشعل راہ ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ امجد عزیز ملک مستقبل میں بھی کامیابیوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے پاکستان کا مثبت تشخص دنیا بھر میں اجاگر کرتے رہیں گے۔