سپورٹس رپورٹر
پشاور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے خواتین کرکٹ کے فروغ کے لیے ملک گیر سطح پر ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا اعلان کر دیا ہے جس کے تحت انڈر 19اور ایمرجنگ کیٹیگریز میں نئی کھلاڑیوں کے انتخاب کے لیے ٹرائلز کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ یہ ٹرائلز 14 اپریل سے یکم مئی تک مختلف شہروں میں مرحلہ وار منعقد ہوں گے۔ ترجمان کے مطابق اس پروگرام کا مقصد ملک بھر سے باصلاحیت خواتین کرکٹرز کو سامنے لانا اور انہیں قومی سطح پر آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ اس سلسلے میں پہلا ٹرائل 14 اپریل کو فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم میں منعقد ہوا جبکہ 15 اپریل کو لاہور میں ایل سی سی اے گرانڈ پر ٹرائلز لیے گئے۔16 اپریل کو پشاور کے عمران خان اسٹیڈیم میں بھی خواتین کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کیا جائے گا جہاں مقامی سطح پر بڑی تعداد میں کھلاڑیوں کی شرکت متوقع ہے۔ اس کے بعد 17 اپریل کو ایبٹ آباد، 21 اپریل کو ملتان، 23 اپریل کو بہاولپور ، 27 اپریل کو کویٹہ ، 30 اپریل کو کراچی جبکہ یکم مئی کو روالپنڈی میں ٹرائلز کا انعقاد کیا جائے گا۔ کرکٹ حکام کا کہنا ہے کہ منتخب ہونے والی کھلاڑیوں کو نہ صرف جدید تربیت فراہم کی جائے گی بلکہ انہیں مستقبل میں قومی اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کا موقع بھی دیا جائے گا۔ اس اقدام کو خواتین کرکٹ کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔خواہشمند خواتین کھلاڑیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی رجسٹریشن Pakistan Cricket Board کی ویب سائٹ کے ذریعے بروقت مکمل کریں تاکہ وہ اس سنہری موقع سے فائدہ اٹھا سکیں۔