ہمایون خان
پشاور: ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس خیبر پختونخواہ کے زیر اہتمام منعقدہ فلڈ لائٹ فٹبال ٹورنامنٹ اپنے شاندار اختتام کو پہنچ گیا۔ فائنل میچ باڑہ کلب اور مردان آر ایس او کلب کے درمیان کھیلا گیا جس میں مردان آر ایس او کلب نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پنالٹی اسٹروکس پر 3-4 سے کامیابی حاصل کر کے ٹورنامنٹ کی ٹرافی اپنے نام کر لی۔
میچ کے دوران دونوں ٹیموں نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا اور شائقین کو ایک دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلہ دیکھنے کو ملا۔ مقررہ وقت تک مقابلہ سخت رہا جس کے بعد فیصلہ پنالٹی اسٹروکس پر ہوا، جہاں مردان آر ایس او کلب کے کھلاڑیوں نے بہترین مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی۔

فائنل میچ کے موقع پر خیبر پختونخوا کے مشیر برائے کھیل و امور نوجوانان تاج محمد ترند مہمانِ خصوصی تھے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر سپورٹس خیبر پختونخوا تاشفین حیدر، آر ایس پشاور کے کاشف فرہان، میچ آرگنائزرز اور ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس کے دیگر حکام بھی موجود تھے۔
مہمان خصوصی تاج محمد ترند نے کامیاب ٹیم مردان آر ایس او کلب کے کھلاڑیوں کو ٹرافی اور نقد انعامات سے نوازا جبکہ رنر اپ ٹیم باڑہ کلب کے کھلاڑیوں کی بھی حوصلہ افزائی کی۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ صوبائی حکومت نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے اور کھیلوں کے فروغ کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ فلڈ لائٹ ٹورنامنٹس کا انعقاد اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے جس کا مقصد نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا میں کھیلوں کے فروغ کے لیے جدید سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور حکومت نوجوان ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے لیے ایسے ایونٹس کا سلسلہ جاری رکھے گی۔
ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد پر شائقینِ کھیل نے ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس خیبر پختونخوا کی کاوشوں کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی اس نوعیت کے مزید مقابلوں کا انعقاد کیا جائے گا۔