پشاور: (سپورٹس رپورٹر) اینکرز الیون اور یو کے میڈیا ٹیم کے درمیان ایک دوستانہ کرکٹ میچ کھیلا گیا جس کا مقصد صحافتی برادری کے درمیان باہمی روابط اور کھیلوں کے فروغ کو اجاگر کرنا تھا۔ میچ کے مہمانِ خصوصی گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی تھے۔اس موقع پر گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور دونوں ٹیموں کی حوصلہ افزائی کی۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں باصلاحیت کھلاڑیوں کی کوئی کمی نہیں اور اگر انہیں بہتر مواقع اور سہولیات فراہم کی جائیں تو یہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کر سکتے ہیں۔گورنر نے کہا کہ ایسے دوستانہ اور نمائشی میچز کا انعقاد پشاور میں بھی کرایا جائے گا تاکہ مقامی کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع مل سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ صوبے میں کھیلوں کا فروغ نہایت ضروری ہے کیونکہ کھیل نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرتے ہیں اور صحت مند معاشرے کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صحافی برادری معاشرے میں اہم ذمہ داریاں ادا کر رہی ہے اور اس طرح کی سرگرمیاں باہمی ہم آہنگی، ٹیم ورک اور بھائی چارے کے فروغ کا ذریعہ بنتی ہیں۔ میچ کے اختتام پر گورنر نے دونوں ٹیموں کی کارکردگی کو سراہا اور ایونٹ کے کامیاب انعقاد پر منتظمین کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے اعلی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں میں انعامات بھی تقسیم کیے۔