پشاور (سپورٹس رپورٹر) براق 62ویں نیشنل بیڈمنٹن چیمپئن شپ پشاور میں شروع ہوگئی، جس میں ملک بھر سے 250 سے زائد مرد و خواتین کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔ چیمپئن شپ میں پاکستان واپڈا، پاکستان آرمی، پاکستان ریلوے، پاکستان پولیس، ایس این جی پی ایل، ایچ ای سی کے علاوہ پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبرپختونخوا، اسلام آباد، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی مجموعی طور پر 13 ٹیمیں شریک ہیں۔
چیمپئن شپ میں خیبرپختونخوا کے مراد علی اور پاکستان واپڈا کی ماہور شہزاد اپنے اپنے اعزازات کا دفاع کریں گے۔ ایونٹ میں میل سنگلز، فیمیل سنگلز، میل ڈبلز، فیمیل ڈبلز اور مکسڈ ڈبلز کے مقابلے منعقد کیے جائیں گے۔
چیمپئن شپ کا باضابطہ افتتاح ڈائریکٹر جنرل اسپورٹس خیبرپختونخوا تاشفین حیدر نے کیا۔ افتتاحی تقریب میں سی ای او براق علی حیدر باباخیل، اسسٹنٹ ڈائریکٹر فنانس شاہ فیصل، پاکستان بیڈمنٹن فیڈریشن کے سینئر نائب صدر طیب سہیل،سیکٹری جنرل راجہ اضغر،صدر خیبرپختونخوا بیڈمنٹن ایسوسی ایشن بلال خان اور سیکرٹری جنرل میاں صداقت شاہ اور معروف گلوکارہ و ایونٹ ایمبیسڈر سحرش خان سمیت دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی ڈی جی سپورٹس خیبرپختونخوا تاشفین حیدر نے کھلاڑیوں اور آفیشلز کو خوش آمدید کہا انہوں نے کہا کہ ستائیس سال بعد نیشنل بیڈمنٹن چیمپئن شپ کا انعقاد خوش آئند امر ہے اتنے بڑے قومی ایونٹ کا انعقاد اس بات کا ثبوت ہے کہ خیبرپختونخوا ایک پ ±رامن صوبہ ہے اور یہاں کے لوگ امن پسند ہیں۔ڈی جی سپورٹس نے کہا کہ محکمہ کھیل کی کوشش ہے کہ صوبائی سطح کی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ قومی سطح کے ایونٹس کے انعقاد کا سلسلہ جاری رکھا جائے تاکہ کھلاڑیوں کو مزید مواقع میسر آئیں اور وہ اپنی کارکردگی میں مزید بہتری لا سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس ایونٹ کو کامیاب بنانے کے لیے تمام تر سہولیات بروئے کار لائی جا رہی ہیں تاکہ کھلاڑی سازگار اور بہترین ماحول میں کھیل سکیں اور اس ایونٹ کو بھرپور انداز میں انجوائے کریں۔
اس موقع پر براق بلڈرز کے سی ای او علی حیدر باباخیل نے کہا کہ پشاور میں نیشنل ایونٹ کے انعقاد میں تعاون کرنا ہمارے لیے باعث فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کھلاڑی ہمارے مہمان ہیں اور ان کی مہمان نوازی میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارا مقصد صوبے میں کھیلوں کے فروغ کے لیے بھرپور کردار ادا کرنا ہے اور مستقبل میں بھی اس طرح کے ایونٹس کے انعقاد میں اپنا تعاون جاری رکھیں گے
62ویں نیشنل بیڈمنٹن چیمپئن شپ پشاور میں ویمن ٹیم ایونٹ میںواپڈاکی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسلام آباد کو 3-0 سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔جبکہ مردوں کے ٹیم ایونٹ میں خیبرپختونخوا نے پاکستان ریلوے کو ہراکر اگلے راﺅنڈ کیلئے کوالیفائی کرلیا ۔