پشاور( ہماہون خان سپورٹس رپورٹر) ایشین لیکروس چیمپئن شپ 2026، ریاض کے لیے پاکستان لیکروس فیڈریشن نے ٹیموںکا اعلان کردیا ، قومی ٹیم یکم تا 6 فروری 2026 کو ریاض، سعودی عرب میں منعقد ایشین چیمپئن شپ میں پاکستان کی نمائندی کرینگے۔ ایونٹ میں 16 مردوں کی ٹیمیں حصہ لیں گی جن میں بھارت، عراق، سعودی عرب سمیت دیگر مضبوط ایشیائی ممالک شامل ہیں، جبکہ 12 خواتین ٹیمیں بھی چیمپئن شپ کا حصہ ہوں گی۔ پاکستان ٹیم کی قیادت منصور احمد خان (صدر، پاکستان لیکروس فیڈریشن) اور مسٹر طیفور زرین (سیکرٹری جنرل PLF اور ہیڈ کوچ) کریں گے۔ سید محمد الیاس شاہ ٹیم منیجر کے فرائض انجام دیں گے۔ کوچنگ اسٹاف میں عرفان خان(مینز ٹیم کوچ) اور فدا محمد (ویمنز ٹیم کوچ) شامل ہیں۔پاکستان مینز لیکروس ٹیم میں شہاب اکبر،مجیب الرحمن،فہیم اللہ،ذوالقرنین،محمد سلیمان،علی حسن،امیر عزیر خلجی جبکہ ویمنز ٹیم میں مس فضا ظاہر، گل پری، مومنہ طارق،مقدس طارق، سجیلا فاطمہ، سجیلا نورین، مریم فضل،مس عزرائ،اور بینش فاطمہ شامل ہیں ۔قومی ٹیموں نے اسلام آباد میں دو ماہ تک بھرپور تربیتی کیمپ میں حصہ لیا، جو معروف بین الاقوامی کوچ مساہیرو موری کی نگرانی میں منعقد ہوا۔ اس تربیت میں فٹنس، جدید تکنیک، حکمتِ عملی اور ٹیم ورک پر خصوصی توجہ دی گئی، تاکہ کھلاڑی ایشیائی سطح پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر سکیں۔پاکستان لیکروس فیڈریشن کو مکمل یقین ہے کہ پاکستان کی مردوں اور خواتین کی ٹیمیں ایشین لیکروس گیمز 2026 میں شاندار کارکردگی دکھا کر ملک کا نام روشن کریں گی۔ PLF کھلاڑیوں، کوچز اور آفیشلز کی انتھک محنت کو سراہتی ہے جو پاکستان میں لیکروس کے فروغ کے لیے مسلسل کوشاں ہیں۔