پشاور: (ہمایون خان سپورٹس رپورٹر) مکس مارشل آرٹس خیبر پختونخواہ کا اہم جنرل باڈی اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت وائس پریزیڈنٹ واجد علی نے کی۔ اجلاس کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد تمام مہمانانِ گرامی کو شرکت پر خوش آمدید کہا گیا۔اجلاس میں تنظیمی عہدیداران کے علاوہ کھلاڑیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جس سے اس بات کا اظہار ہوا کہ صوبے میں مکس مارشل آرٹس کے فروغ کے لیے بھرپور دلچسپی اور وابستگی موجود ہے۔ سیکرٹری جنرل اللہ گل آفریدی نے اپنے خطاب میں کہا کہ تنظیم کا بنیادی مقصد کھلاڑیوں کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر متعارف کروانا اور ان کے لیے بہتر مواقع فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ باصلاحیت کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور تربیت کے ذریعے خیبر پختونخواہ کو اس کھیل میں نمایاں مقام دلایا جا سکتا ہے۔ اجلاس کے دوران تنظیم کے دو اہم عہدوںصدر اور فنانس سیکرٹری سے دستبرداری کا اعلان بھی کیا گیا۔ موجودہ صدر اور فنانس سیکرٹری نے ذاتی مصروفیات کے باعث اپنے عہدے چھوڑنے کا باضابطہ اعلان کیا، جس کے بعد ان عہدوں کے لیے انتخابات منعقد کیے گئے۔ صدر کے عہدے کے لیے صلاح لدین اور نعمان کے درمیان مقابلہ ہوا، جس میں صلاح الدین نے 15 ووٹ حاصل کر کے کامیابی حاصل کی اور نئے صدر منتخب ہوئے۔ جبکہ فنانس سیکرٹری کے عہدے کے لیے ضیاالرحمن بلا مقابلہ منتخب قرار پائے۔ نو منتخب صدر صلاح الدین نے اپنے خطاب میں تمام اراکین کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ان پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں اس اہم ذمہ داری کے لیے منتخب کیا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وہ تنظیم کی بہتری اور کھلاڑیوں کی ترقی کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے خصوصی طور پر جو جسٹو ایسوسی ایشن خیبر پختونخواہ کے صدر تحسین اللہ کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اپنی مصروفیات کے باوجود اجلاس میں شرکت کی اور تنظیم کی حوصلہ افزائی کی۔ اجلاس خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوا، اور اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ مکس مارشل آرٹس کو خیبر پختونخواہ میں مزید فروغ دیا جائے گا اور کھلاڑیوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی۔