پشاور: بیڈمنٹن ایشیا ساوتھ ایشیا ریجنل چیمپئن شپ 2026 ء میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے خیبرپختونخوا کے جونیئر کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے متعدد میڈلز اپنے نام کرلیے، جسے صوبے کے لیے ایک تاریخی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔تفصیلات کے مطابق قاری محمد عمر نے انڈر 19 بوائز سنگلز اور ڈبلز میں گولڈ میڈلز جبکہ مکسڈ میں سلور میڈل حاصل کیا۔ فہد احمد نے انڈر 19ڈبلز اور مکسڈ ڈبلز میں گولڈ میڈلز جیت کر نمایاں کارکردگی دکھائی۔ حشیر شاہ نے انڈر 19ڈبلز میں سلور جبکہ سنگلز اور مکسڈ ڈبلز میں برونز میڈلز حاصل کیے۔ اسی طرح عمر جہانگیر نے انڈر 23 مکسڈ ٹیم ایونٹ میں گولڈ میڈل جیتا، جبکہ حسنین خان نے انڈر 16 بوائز سنگلز اور ڈبلز میں سلور اور مکسڈ ڈبلز میں برونز میڈل اپنے نام کیا۔ خیبرپختونخوا بیڈمنٹن ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری میاں صداقت شاہ نے اس شاندار کامیابی پر کھلاڑیوں، کوچز اور آفیشلز کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابیاں نہ صرف کھلاڑیوں کی محنت کا نتیجہ ہیں بلکہ صوبے میں کھیلوں کے فروغ کے لیے جاری اقدامات کا ثمر بھی ہیں۔ انہوں نے مشیر وزیراعلی برائے کھیل و امور نوجوانان تاج محمد ترند اور ڈی جی سپورٹس تاشفین حیدر کا خصوصی شکریہ ادا کیا جن کی سرپرستی میں کھلاڑیوں کو بہترین مواقع میسر آئے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ کامیابی ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سپورٹس خیبرپختونخوا کی بیڈمنٹن اکیڈمی کے کوچز حیات اللہ کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے، جنہوں نے کھلاڑیوں کو اعلی سطح پر تیار کیا۔ اس کامیابی میں خیبرپختونخوا بیڈمنٹن ایسوسی ایشن کے عہدیداران بلال خان اور یحیی خان کا کردار بھی قابلِ ستائش ہے۔میاں صداقت شاہ نے کہا کہ یہ کامیابیاں خیبرپختونخوا کے لیے ایک بڑا اعزاز ہیں اور امید ظاہر کی کہ کھلاڑی مستقبل میں بھی اسی طرح ملک و قوم کا نام روشن کرتے رہیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ انڈر 23 ایونٹ کے مقابلے تاحال جاری ہیں جبکہ چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب 7اپریل کو منعقد ہوگی۔