رپورٹ: غنی الرحمن
پشاور: پشاور کے ابھرتے ہوئے نوجوان کرکٹ کمنٹیٹر عمران اللہ کیلئے یہ ایک یادگار اور قابلِ فخر لمحہ ہے کہ انہیں پشاور کے تاریخی کرکٹ اسٹیڈیم میں جاری نیشنل ٹی ٹونٹی کرکٹ چیمپئن شپ کے دوران ملک کے نامور اور تجربہ کار کمنٹیٹرز کے ہمراہ کمنٹری باکس میں بیٹھ کر لائیو کمنٹری کرنے کا موقع ملا ہے۔ یقیناً یہ اعزاز نہ صرف عمران اللہ کیلئے بلکہ پورے شہر پشاور اور یہاں کے کھیل دوست حلقوں کیلئے بھی باعثِ مسرت ہے۔
اس مقام تک پہنچنے کیلئے عمران اللہ نے طویل عرصے تک مسلسل محنت، لگن اور جدوجہد کا راستہ اختیار کیا۔ کرکٹ سے گہری دلچسپی اور کمنٹری کے فن سے محبت نے انہیں آگے بڑھنے کا حوصلہ دیا۔ شاید خود ان کے ذہن میں بھی کبھی یہ خیال نہ آیا ہو کہ ایک دن وہ قومی سطح کے بڑے ٹورنامنٹ میں نامور کمنٹیٹرز کے ساتھ بیٹھ کر شائقین کرکٹ کو میچ کی لمحہ بہ لمحہ صورتحال سے آگاہ کریں گے۔
یہ حقیقت ہے کہ اللہ تعالیٰ محنت کرنے والوں کی محنت کو کبھی ضائع نہیں کرتا۔ عمران اللہ کی کامیابی اس بات کی روشن مثال ہے کہ اگر انسان اپنے مقصد کے حصول کیلئے خلوص، محنت اور ثابت قدمی کے ساتھ جدوجہد جاری رکھے تو کامیابی اس کے قدم ضرور چومتی ہے۔
عمران اللہ کی یہ کامیابی نوجوانوں کیلئے بھی ایک واضح پیغام ہے کہ خواب دیکھنے کے ساتھ ساتھ ان کی تعبیر کیلئے مسلسل محنت اور جدوجہد ضروری ہے۔ امید کی جاتی ہے کہ وہ مستقبل میں بھی اسی طرح اپنی صلاحیتوں کو نکھارتے ہوئے کرکٹ کمنٹری کے میدان میں مزید کامیابیاں حاصل کریں گے اور پشاور کا نام روشن کریں گے۔