پشاور (سپورٹس رپورٹر) نیو اسلامیہ ہائی سکول اینڈ کالج پشاور کے زیرِ اہتمام ایک ماہ تک جاری رہنے والا سالانہ سپورٹس گالا شاندار، رنگا رنگ اور پ ±رجوش اختتامی تقریب کے ساتھ کامیابی سے اختتام پذیر ہو گیا،اس سپورٹس گالا کا باقاعدہ آغاز ایک ماہ قبل کیا گیا تھا، جس کا مقصد طلبہ میں کھیلوں کے فروغ، جسمانی فٹنس، نظم و ضبط اور مثبت سرگرمیوں کو فروغ دینا تھا،ایک ماہ تک جاری رہنے والے سپورٹس گالا کے دوران نیو اسلامیہ ہائی سکول اینڈ کالج کے طلبہ نے اپنی غیر معمولی کھیلوں کی صلاحیتوں، محنت، جذبے اور ٹیم ورک کا بھرپور مظاہرہ کیا،سپورٹس گالا میں کرکٹ، بیڈمنٹن، باسکٹ بال، والی بال، ٹیبل ٹینس اور دیگر کھیلوں کے مقابلے منعقد کیے گئے، جن میں مجموعی طور پر 450 سے زائد طلبہ نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا،سپورٹس گالا کی اختتامی تقریب نیو اسلامیہ پبلک سکول کے مین کیمپس میں منعقد ہوئی، جس میں طلبہ، اساتذہ، والدین اور معزز مہمانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی،اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی سابق صوبائی وزیر کامران بنگش تھے۔ تقریب میں نیو اسلامیہ ہائی سکول کے چیف ایگزیکٹو آفیسر افتخار لیاقت علی، ایڈمنسٹریٹر محمد امجد، اکیڈمک انچارج وحید، اساتذہ کرام اور دیگر معزز شخصیات بھی موجود تھیں،مختلف کھیلوں میں طلبہ کے مابین سخت مقابلے دیکھنے میں آئے۔

کرکٹ، والی بال اور باسکٹ بال سمیت دیگر کھیلوں میں اسلامیہ مارخور، وارئیر اور چیمپئن جیسی ٹیموں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نمایاں پوزیشنز حاصل کیں،اختتامی تقریب کے دوران مہمانِ خصوصی سابق صوبائی وزیر کامران بنگش نے کامیاب ٹیموں اور نمایاں کھلاڑیوں میں ٹرافیاں، میڈلز اور نقد انعامات تقسیم کیے،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی کامران بنگش نے سپورٹس گالا کے کامیاب انعقاد پر سکول انتظامیہ، اساتذہ اور طلبہ کو خراجِ تحسین پیش کیا،نہوں نے کہا کہ کھیل نوجوان نسل کو مثبت سمت فراہم کرتے ہیں اور صحت مند معاشرے کی تشکیل میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں،ان کا کہنا تھا کہ نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ ہم نصابی سرگرمیوں کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ طلبہ میں قیادت، نظم و ضبط اور سماجی شعور پیدا ہو سکے،
کامران بنگش نے مزید کہا کہ ہار اور جیت کھیل کا حصہ ہیں، اصل کامیابی دیانت داری، محنت اور بہتر کھیل پیش کرنے میں ہے،انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ کھیلوں کے ذریعے اپنی صلاحیتوں کو نکھاریں اور مستقبل میں اپنے ادارے، صوبے اور ملک کا نام روشن کریں،اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے نیو اسلامیہ ہائی سکول کے سی ای او افتخار لیاقت علی نے کہا کہ سپورٹس گالا کی کامیابی اجتماعی محنت اور مربوط حکمتِ عملی کا نتیجہ ہے،انہوں نے اساتذہ، کوچز اور طلبہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ادارہ طلبہ کی ہمہ جہت شخصیت کی تعمیر کے لیے نصابی اور ہم نصابی سرگرمیوں کو یکساں اہمیت دیتا ہے انہوں نے کہا کہ کھیل بچوں اور نوجوانوں میں صحت مند مقابلے کا رجحان، برداشت، نظم و ضبط اور ٹیم ورک کو فروغ دیتے ہیں، جو عملی زندگی میں کامیابی کے لیے ناگزیر عناصر ہیں،
ایڈمنسٹریٹر محمد امجد اور اکیڈمک انچارج وحید نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم نصابی سرگرمیاں نیو اسلامیہ ہائی سکول اینڈ کالج کے اکیڈمک کیلنڈر کا مستقل حصہ ہیں،ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کی سرگرمیاں طلبہ کی شخصیت کو نکھارنے، خود اعتمادی بڑھانے اور انہیں متوازن و ذمہ دار شہری بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں،تقریب کے اختتام پر طلبہ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اپنے جذبات کا اظہار کیا۔ طلبہ کا کہنا تھا کہ انہیں خوشی ہے کہ وہ ایسے تعلیمی ادارے میں زیرِ تعلیم ہیں جہاں معیاری تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں، تقاریر اور دیگر تخلیقی سرگرمیوں کے لیے بھی باقاعدہ مواقع فراہم کیے جاتے ہیں،طلبہ نے کہا کہ ایسے پروگرام انہیں مستقبل میں ضلعی، صوبائی اور قومی سطح کے مقابلوں کے لیے تیار کرتے ہیں،
طلبہ نے سکول انتظامیہ اور اساتذہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ نیو اسلامیہ ہائی سکول اینڈ کالج آئندہ بھی اسی جذبے کے ساتھ نصابی و ہم نصابی سرگرمیوں کے انعقاد کا سلسلہ جاری رکھے گا تاکہ طلبہ کی جسمانی، ذہنی اور اخلاقی تربیت کو مزید بہتر بنایا جا سکے،