سپورٹس رپورٹر
پشاور: صوبائی دارالحکومت پشاور اور ضلع چارسدہ کے مختلف کھیلوں کے میدانوں میں جاری خیبرپختونخوا انڈر 21 گیمز کے تحت مختلف کھیلوں کیساتھ منعقدہ باکسنگ ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل مقابلوں میں نوجوان باکسروں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ مقابلوں کے دوران سنسنی خیز فائٹ دیکھنے میں آئیں، جہاں کھلاڑیوں کیساتھ تماشائی بھی پرجوش رہے، جبکہ پشاور ڈویژن کے باکسروں نے نمایاں کارکردگی دکھاتے ہوئے مختلف ویٹ کیٹیگریز میں فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔

یہ باکسنگ مقابلے صوبائی محکمہ کھیل کے زیر اہتمام اور خیبرپختونخوا باکسنگ ایسوسی ایشن کی نگرانی میں منعقد کیے گئے، ان مقابلوں کیلئے صوبائی باکسنگ ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل خضر اللہ کی سرپرستی میں انکی ٹیم نے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں اور ان مقابلوں میں صوبے کے مختلف ڈویژنز سے تعلق رکھنے والے باصلاحیت نوجوان باکسروں نے حصہ لیا۔
قیوم سپورٹس کمپلیکس کے باکسنگ ارینا میں کھیلے جانیوالے باکسنگ کے سیمی فائنل مقابلوں کے ویٹ وائز نتائج کے مطابق 50 کلوگرام ویٹ کیٹیگری میں پشاور کے باکسر عبدالرحمان نے مردان کے ادریس شاہین کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی، جبکہ ہزارہ کے ملک حمزہ بھی فائنل کیلئے کوالیفائی کرنے میں کامیاب رہے۔
52 کلوگرام ویٹ کیٹیگری پشاور کے مسلم شاہ اور مردان کے بلال ثاقب نے اپنے اپنے سیمی فائنل مقابلے جیت کر فائنل میں رسائی حاصل کی۔ 54 کلوگرام ویٹ کیٹیگری میں پشاور کے جیاد حسین اور کوہاٹ کے عطرالرحمان نے عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے فائنل میں جگہ بنا لی۔
57 کلوگرام ویٹ کیٹیگری میں پشاور کے اسد نے شاندار فائٹ جیت کر فائنل کیلئے کوالیفائی کیا، جبکہ مردان کے فاروق نے بھی کامیابی حاصل کی۔

60 کلوگرام ویٹ کیٹیگری میں پشاور کے ضمیر علی اور ہزارہ کے مزمل نے سیمی فائنل میں کامیابی سمیٹتے ہوئے فائنل میں قدم رکھ دیا۔ 65 کلوگرام ویٹ کیٹیگری میں ڈی آئی خان کے یونس خان اور پشاور کے حمزہ نے اپنے مقابلے جیت کر فائنل میں رسائی حاصل کی۔
70 کلوگرام ویٹ کیٹیگری میں بنوں کے وصیل اور پشاور کے اسحاق نے سخت مقابلوں کے بعد فائنل کیلئے کوالیفائی کیا۔
75 کلوگرام ویٹ کیٹیگری میں پشاور کے طلحہ اور ہزارہ کے عبداللہ نے سیمی فائنل جیت کر فائنل میں جگہ بنالی۔
80 کلوگرام ویٹ کیٹیگری میں کوہاٹ کے بلال احمد اور پشاور کے سعید فائنل میں پہنچ گئے۔
اسی طرح 85 کلوگرام ویٹ کیٹیگری میں پشاور کے باکسر عبیداللہ خان نے شاندار فائٹ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیمی فائنل میں ہزارہ کے فہد کو ہراکر فائنل میں پہنچ گئے، جبکہ کوہاٹ کے باکسر کاشف بھی سیمی فائنل راؤنڈ میں ملاکنڈ کے عاصم کو ہراکر فائنلسٹ قرار پائے۔
مقابلوں کے دوران شائقین کی بڑی تعداد موجود رہی جنہوں نے باکسروں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔ منتظمین کے مطابق فائنل مقابلے انتہائی دلچسپ اور سنسنی خیز ہوں گے، جہاں خیبرپختونخوا کے باصلاحیت نوجوان باکسر ٹائٹل کے حصول کیلئے رنگ میں اتریں گے۔