گیمز میں7ریجن اور36 ڈسٹرکٹس سے 5ہزارسے زائدمردو خواتین کھلاڑی ایکشن میں نظر آئینگے
جس میں مردوں کی 38اور خواتین کی 18مختلف گیمز شامل ہیں: ڈی جی سپورٹس تاشفین حیدر
پشاور: (سپورٹس رپورٹر) محکمہ کھیل خیبرپختونخوا کے زیراہتمام انڈر21گیمز کا میلہ کل بروز بدھ 4فروری سے پشاور سپورٹس کمپلیکس میں سجے گا۔ جس میں صوبہ کے 7ریجن اور36ڈسٹرکٹس سے 5ہزارسے زائد کھلاڑی ایکشن میں نظر آئینگے۔ ان خیالات کا اظہار ڈائریکٹر جنرل سپورٹس خیبرپختونخوا تاشفین حیدر نے گیمز کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر آپریشنز جمشید بلوچ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر فنانس شاہ فیصل اور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی سپورٹس تاشفین حیدر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ انڈر21گیمز میں مردوں کی 38جبکہ خواتین کی 18مختلف گیمز ہیں جس میں وہ مدمقابل ہونگے۔ مردوں کے مقابلے پشاور سپورٹس کمپلیکس، حیات آبادسپورٹس کمپلیکس، کوہاٹ سپورٹس کمپلیکس، مردان سپورٹس کمپلیکس جبکہ خواتین کھلاڑیوں کے مقابلے عبدالولی خان سپورٹس کمپلیکس چارسدہ، شہید بے نظیر بھٹو ویمن یونیورسٹی پشاور،پشاور بورڈ گرانڈ اور حیات آباد سپورٹس کمپلیکس میں منعقد ہونگے۔ مردوں کیلئے منعقدہ گیمز میں بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس، سکواش، اتھلیٹکس، والی بال، کراٹے، فٹبال، جمناسٹک، تھرو بال، باسکٹ بال، باکسنگ، تائیکوانڈو، ہاکی، جوڈو، ہینڈ بال، ووشو، آرچری، جوجٹسو، ٹینس، ویٹ لفٹنگ، ریسلنگ، سنوکر، لیکروس، ٹیک بال، ماس ریسلنگ، فٹسال، کک باکسنگ، باڈی بلڈنگ، فل کنٹیکٹ کراٹے، کبڈی، میوتھائی،بیس بال، رسہ کشی، رگبی اور زورخانہ شامل ہے۔ خواتین کیلئے منعقدہ گیمز میں بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس، سکواش، اتھلیٹکس، والی بال، کراٹے، باسکٹ بال، تائیکوانڈو، جوڈو، ہاکی، نیٹ بال، کرکٹ، آرچری، ہینڈ بال، جو وجٹسو، تھروبال، فٹسال اور سافٹ بال شامل ہیں۔ ڈی جی سپورٹس تاشفین حیدر نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہاکہ کھلاڑیوں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے اور تمام گیمز کی بہترین طریقے سے نگرانی کی جائے۔انڈر21 گیمز کی اختتامی تقریب 7 فروری کو پشاور سپورٹس کمپلیکس میں منعقد ہوگی۔ ان گیمز میں خصوصی افراد، پستہ قامت اور سٹینڈنگ کرکٹ کیلئے گیمز کا انعقاد کیا جائے گا۔