پشاور/سوات (سپورٹس رپورٹر) تھائی لینڈ میں جاری انٹرنیشنل تائیکوانڈو چیمپئن شپ میں پاکستان کے ننھے مگر باصلاحیت کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کر دیا۔ پاکستان، بالخصوص سوات سے تعلق رکھنے والے نوجوان کھلاڑی ریان خان اور ازلان شاہ نے اپنی غیرمعمولی صلاحیتوں کا لوہا منواتے ہوئے متعدد میڈلز اپنے نام کیے اور پاکستان کا سبز ہلالی پرچم سربلند کر دیا۔
پاکستان گلوبل تائیکوانڈو فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری مسعود آفریدی کی جانب سے اس کامیابی پر سب سے پہلے سینئر کوچ محترم کمال ناصری اور کوچ حضرت علی کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی گئی، جن کی بہترین کوچنگ، رہنمائی اور محنت کے نتیجے میں ان ننھے کھلاڑیوں نے عالمی مقابلوں میں نمایاں کامیابی حاصل کی۔
چیمپئن شپ میں ازلان شاہ نے تین مختلف کیٹیگریز میں حصہ لیتے ہوئے ایک گولڈ، ایک سلور اور ایک برونز میڈل جیت کر مجموعی طور پر تین میڈلز حاصل کیے، جبکہ ریان خان نے دو کیٹیگریز میں شرکت کرتے ہوئے ایک گولڈ اور ایک برونز میڈل اپنے نام کیا۔ دونوں کھلاڑیوں کی شاندار اور جارحانہ کارکردگی کے اعتراف میں انہیں “Best Fighter Award” سے بھی نوازا گیا۔
اس حوالے سے پاکستان گلوبل تائیکوانڈو فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری مسعود آفریدی نے کہا کہ ہمیں اپنے ان باصلاحیت بچوں پر فخر ہے، جنہوں نے کم عمری میں عالمی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کر کے قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ فیڈریشن ان کھلاڑیوں کی مزید تربیت اور حوصلہ افزائی کیلئے ہر ممکن اقدامات کرے گی، جبکہ خیبر پختونخوا حکومت سے بھی توقع ہے کہ وہ ان قومی ہیروز کی سرپرستی اور اعزاز میں عملی کردار ادا کرے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر ایسے ٹیلنٹ کو بروقت سہولیات، کوچنگ اور حکومتی سرپرستی فراہم کی جائے تو پاکستان مستقبل میں عالمی سطح پر تائیکوانڈو سمیت دیگر کھیلوں میں بڑی کامیابیاں حاصل کر سکتا ہے۔
ان بچوں نے پشاور میں منعقدہ آل پاکستان نیشنل گلوبل تائیکوانڈو اوپن چمپئن شب بھی گولڈن میڈل جیتاتھا۔واضح رہے کہ یہ کامیابی نہ صرف سوات بلکہ پورے پاکستان کیلئے باعثِ فخر ہے، اور ان ننھے ہیروز کی کامیابی نے ثابت کر دیا ہے کہ پاکستانی نوجوان عالمی سطح پر کسی سے کم نہیں۔