جس سےانڈر 21 گیمز کیلئے بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم کی تیاری میں بھی مدد ملے گی، شیراز محمد
پشاور: ڈسٹرکٹ انٹر کلب ویٹ لفٹنگ ٹورنامنٹ کل 26 جنوری سے پشاور سپورٹس کمپلیکس میں شروع ہوگا جو 28 جنوری تک جاری رہے گا۔ اس تین روزہ ایونٹ میں پشاور کے تمام رجسٹرڈ ویٹ لفٹنگ کلبوں کے کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائیں گے، جس کے لیے انتظامیہ کی جانب سے بھرپور تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔
صوبائی ویٹ لفٹنگ ایسوسی ایشن کے صدر شیراز محمد نے امروز ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس ٹورنامنٹ کے انعقاد کا بنیادی مقصد پشاور کے کھلاڑیوں کو ایک باقاعدہ اور معیاری پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے تاکہ وہ اپنی فٹنس، طاقت اور تکنیکی مہارت کا عملی مظاہرہ کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایونٹ 4 فروری سے منعقد ہونے والے انڈر 21 گیمز کے لیے پشاور کی مضبوط اور باصلاحیت ٹیم کی تیاری میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔
شیراز محمد کا مزید کہنا تھا کہ ڈسٹرکٹ انٹر کلب ٹورنامنٹ ریجنل سپورٹس آفیسر پشاور کے تعاون سے منعقد کیا جا رہا ہے، جس سے نہ صرف ایونٹ کے معیار کو بہتر بنایا گیا ہے بلکہ پشاور ریجن میں ویٹ لفٹنگ جیسے اہم کھیل کے فروغ میں بھی مدد ملے گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس طرح کے مقابلے نوجوان کھلاڑیوں میں اعتماد، نظم و ضبط اور آگے بڑھنے کا جذبہ پیدا کریں گے اور مستقبل میں قومی سطح کے کھلاڑی سامنے آئیں گے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبائی ویٹ لفٹنگ ایسوسی ایشن آئندہ بھی ایسے ٹورنامنٹس کے انعقاد کو یقینی بنائے گی تاکہ کھیلوں کے فروغ کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کیا جا سکے۔