شکیل الرحمان
پاکستان انڈر19 نے سمیر منہاس کی نصف سنچری عثمان خان کے 43رنز اور عمرزیب کی پانچ وکٹوں کی عمدہ کارکردگی کے نتیجے میں افغانستان انڈر 19 کو تین ملکی ون ڈے سیریز میں 133 رنز سے شکست دے دی۔

اس جیت کے ساتھ ہی اس نے فائنل میں جگہ بنالی جو6 جنوری کو زمبابوے انڈر 19 کے خلاف کھیلا جائے گا ۔ اس سے قبل پاکستان ٹیم اتوار کو اپنا آخری لیگ میچ زمبابوے انڈر 19 کے خلاف کھیلے گی۔ اس سیریز میں یہ پاکستان انڈر 19 کی دوسری کامیابی ہے۔ اس سے قبل اس نے افغانستان ہی کے خلاف میچ دلچسپ مقابلے کے بعد ایک وکٹ سے جیتا تھا جبکہ زمبابوے کے خلاف اس کا میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا۔ سن رائز سپورٹس کلب میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور50 اوورز میں 9 وکٹوں پر 238 رنز بنائے ۔ افغانستان کی ٹیم جواب میں 30 اعشاریہ 2 اوورز میں 105 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

پاکستان کی اننگز میں سمیر منہاس نے 6 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 56 رنز سکور کیے۔ عثمان خان نے 43رنز تین چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے سکور کیے۔علی حسن بلوچ نے 39 رنز کی اننگز کھیلی۔ ایک موقع پر پاکستان کا سکور دو وکٹوں پر 166 رنز تھا تاہم مڈل آرڈربیٹنگ سینیرز ٹیم کی طرح یہاں بھی ڈھگمگا گیی اور آخری سات وکٹیں سکور میں صرف 63 رنز کا اضافہ کرسکی۔
افغانستان کی طرف سے سلمان خان احمد زئی اور زیت اللہ شاہین نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
افغانستان کی اننگز میں کپتان محبوب خان 29 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے۔ فاسٹ بولر عمر زیب نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 31 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔مومن قمر اور احمد حسین نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔