پشاور (ہمایون خان سپورٹس/کلچر رپورٹر) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اپنے خصوصی اقدام ایڈاپٹ اے پلیئر وژن کے تحت نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کا سلسلہ تیز کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں انہوں نے انڈر-19 قومی اسکواش چیمپئن اور عالمی رینکنگ میں چھٹے نمبر پر موجود سٹار کھلاڑی عبداللہ نواز کی بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کے لیے اسپانسرشپ کا چیک جاری کر دیا۔گورنر ہاوس میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران گورنر فیصل کریم کنڈی نے اسپانسرشپ کا چیک عبداللہ نواز کے والد کے حوالے کیا۔ عبداللہ نواز اس وقت ملک سے باہر ہیں اور امریکہ میں جاری یو ایس جونیئر اسکواش چیمپئن شپ 2025ء (20تا 23 دسمبر) میں سبز ہلالی پرچم کی سربلندی کے لیے کوشاں ہیں۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ عبداللہ نواز جیسے باصلاحیت نوجوان پاکستان کاسرمایہ ہیں۔ جنہوں نے عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ انہوںنے کہا کہ ہمارا مقصد صوبے کے ٹیلنٹ کو مالی مشکلات سے آزاد کر کے انہیں عالمی میدانوں تک پہنچانا ہے۔ ایڈاپٹ اے پلیئر پروگرام اسی کڑی کا حصہ ہے تاکہ ہمارے کھلاڑی صرف اپنی ٹریننگ اور کھیل پر توجہ مرکوز رکھ سکیں۔ گورنر نے عبداللہ نواز کی اب تک کی کارکردگی کو شاندار قرار دیتے ہوئے یو ایس جونیئر چیمپئن شپ میں ان کی کامیابی کے لیے نیک تمناں کا اظہار کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا سکواش کا گڑھ رہا ہے اور ہم اس کھوئے ہوئے مقام کو دوبارہ حاصل کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ عبداللہ نواز کے والد نے گورنر خیبرپختونخوا کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومتی سطح پر اس طرح کی سرپرستی سے کھلاڑیوں کا مورال بلند ہوتا ہے اور وہ ملک و قوم کا نام روشن کرنے کے لیے مزید محنت کرتے ہیں۔