ہمایون خان
پشاور: کراچی میں شروع ہونے والے ملک کے سب سے بڑے 35 ویں نیشنل گیمز میں خیبر پختونخوا کے کھلاڑی بھرپور شرکت کرنے کے لیے کراچی پہنچ گئے ہیں۔نیشنل گیمز جو 6 سے 13 دسمبر 2025ء تک کراچی میں جاری رہیں گے ۔ صوبے کی نمائندگی کے لیے ایک 493 رکنی بڑا دستہ کراچی بھیجا گیا ہے۔ جس میں کھلاڑی، آفیشلز اور کوچز شامل ہیں۔ یہ دستہ متعدد کھیلوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے جا رہا ہے۔ خیبر پختونخوا کے کھلاڑی مختلف کھیلوں میں حصہ لے رہے ہیں جن میں ہاکی، نیٹ بال، ایتھلیٹکس، باکسنگ، ٹینس، باسکٹ بال، سکواش، بیڈ منٹن،جمناسٹک اور دیگر کئی مقابلے شامل ہیں۔کھلاڑیوں کا انتخاب شفاف طریقے سے یقینی بنانے کے لیے نیشنل گیمز سے قبل باقاعدہ ٹرائلز منعقد کیے گئے تھے۔ خیبر پختونخوا صوبہ بھی قومی کھیلوں کے اس بڑے ایونٹ کی تیاریاں اور مشعل ریلے کے مختلف مراحل کا حصہ رہا ہے۔ خیبر پختونخوا کی کھیلوں کے سب سے بڑے ایونٹ میں یہ فعال شرکت صوبے میں کھیلوں کے فروغ اور نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کا ایک اہم ذریعہ ہے۔ جہاں وہ ملک بھر کے بہترین ایتھلیٹس کے خلاف صوبے کے اعزاز کا دفاع کریں گے۔ کھلاڑیوں اور ٹیم حکام کے عزائم بلند ہیں اور انہیں ہر گیم میں بہترین کارکردگی دکھانے کی امید ہے۔ صوبائی دستے سے توقعات وابستہ ہیں کہ وہ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر کے تمغے حاصل کرے گا۔صوبے کے کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ ہم مضبوط گیمز دکھانے کے لیے پرجوش ہیں۔ خیبر پختونخوا کے کھلاڑیوں کا عزم اور جوش و خروش ان کے ارادوں کی عکاسی کرتا ہے اور پوری قوم کی نظریں ان پر لگی ہیں کہ وہ اس اہم قومی ایونٹ میں کیا کارکردگی دکھاتے ہیں۔