پشاور(سپورٹس رپورٹر) صوبائی حکومت کی ہدایات کی روشنی میں اور ڈائریکٹر جنرل سپورٹس خیبرپختونحوا تاشفین حیدر اور ڈپٹی کمشنر ملاکنڈ فیاض خان شیرپاو کی ہدایات پر ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن اور ڈسٹرکٹ سپورٹس آفس کے زیر اہتمام ملاکنڈ لیویز شہدا کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے (ملاکنڈ لیویز شہدا فٹبال ٹورنامنٹ) کا انعقاد کیا گیا۔ اس صوبائی لیول کے میگا ایونٹ میں ضلع مالاکنڈ اور دوسرے اضلاع سے 50 ٹیموں نے حصہ لیا انہوں نے اپنی عمدہ کارکردگی کے ساتھ کھیل کے اعلیٰ جذبے کا مظاہرہ کیا اور انکی بھرپور شرکت نے اس ٹورنامنٹ کو یادگار بنا دیا اور یہی وجہ ہے کہ عوام کی ہزاروں کی تعداد میں تماشائی شروع سے لے کر فائنل میچ تک ان شاندار مقابلوں سے لطف اندوز ہوتے رہے ۔

ٹورنامنٹ کا فائنل میچ ینگ ایس ایس اور اتحاد فٹبال کلب بریکویٹ کے درمیان کھیلا گیا۔ بریکوٹ نے یہ میچ 1-1 ڈرا ہونے کی صورت میں پینلٹی کیکس سے اس ٹورنامنٹ کو اپنے نام کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر مالاکنڈ جناب فیاض خان شیرپاو مہمان خصوصی تھے۔ ان کے ساتھ ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر سعید اختر اور صوبیدار میجر نیک رحمان بھی موجود تھیں۔

ٹورنامنٹ کے آرگنائزنگ کمیٹی کے ممبران ناصر اور ان کی ٹیم کے ارکان نے مہمانوں کا بھرپور استقبال کیا ۔ڈپٹی کمشنر ملاکنڈ جناب فیاض خان شیرپا و نے ونر اور رنر اپ ٹیموں میں نقد انعامات اور ٹرافیاں تقسیم کیں۔ تقریب کے اختتام پر ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر ملاکنڈ سعید اختر اور آرگنائزنگ کمیٹی کے ارکان نے مہمانِ خصوصی کو ان کی آمد اور تعاون کے اعتراف میں یادگاری شیلڈ پیش کی۔ جبکہ مہمان خصوصی کے سامنے ملاکنڈ سے تعلق رکھنے والے مارشل آرٹ کے انٹر نیشنل کھلاڑیوں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ملاکنڈ جناب فیاض خان شیر پاو نے خطاب کرتے ہوئے ملاکنڈ کے لیویز شہدا کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ سکیورٹی فورسز اور لیویز فورس کی قربانیوں سے ملاکنڈ میں امن قائم ہیں اور یہی وجہ ہے کہ اج ہمارے کھیل کے میدان آباد ہیں اور ہزاروں کی تعداد میں لوگ ان کھیلوں سے لطف اندوز ہو رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ آئندہ بھی کھیلوں کا یہ سلسلہ بھرپور انداز میں جاری رہے گا اور ساتھ ہی ایک میگا سپورٹس فیسٹیول کے انعقاد کا اعلان بھی کیا ۔