کولمبو : (سپورٹس رپورٹر)آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم کا سفر بغیر کسی کامیابی کے اختتام پذیر ہو گیا ہے۔ گرین شرٹس نے ٹورنامنٹ میں کل سات میچز کھیلے، جن میں سے چار میں شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ باقی تین میچز بارش کی نذر ہو کر بے نتیجہ رہے۔ پوائنٹس ٹیبل پر قومی ٹیم نے اپنا ٹورنامنٹ ساتویں نمبر پر ختم کیا ہے تاہم ٹیم کا یہ درجہ بھی خطرے میں ہے۔ آٹھویں نمبر پر موجود بنگلہ دیش کی ٹیم کا آخری میچ بھارت کے ساتھ ہونا ہے اور اس میچ میں کامیابی کی صورت میں بنگلہ دیش ساتویں نمبر پر آ جائے گی جس کے بعد پاکستان کی ٹیم ورلڈ کپ سے سب سے آخری ٹیم کی حیثیت سے باہر ہوگی۔ ٹورنامنٹ میں قومی ویمن ٹیم کی کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی۔ ٹیم نہ صرف مضبوط حریفوں جیسے انڈیا، آسٹریلیا، انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے خلاف شکست سے دوچار ہوئی بلکہ اس بار انہیں کمزور سمجھی جانے والی بنگلہ دیش کی ٹیم کے خلاف بھی کامیابی نہ مل سکی۔

ٹورنامنٹ میں قومی ٹیم کی مایوس کن کارکردگی پر کرکٹ کے حلقوں میں تشویش پائی جاتی ہے۔ بغیر کسی فتح کے ٹورنامنٹ کا اختتام ٹیم کی تیاریوں اور حکمت عملی پر سوالیہ نشان کھڑا کرتا ہے۔ ذرائع کے مطابق بنگلہ دیش کے میچ کے بعد اب ٹیم کو اپنی پوزیشن بہتر بنانے کا کوئی موقع نہیں ملے گا اور اسے بنگلہ دیش ، بھارت میچ کے نتیجے پر انحصار کرنا پڑے گا جو ایک غیر یقینی صورتحال ہے۔کرکٹ بورڈ اور ٹیم انتظامیہ کو اب ورلڈ کپ میں ٹیم کی غیر موثر کارکردگی کا جائزہ لینا ہوگا تاکہ مستقبل میں قومی ویمنز کرکٹ کے معیار کو بہتر بنایا جا سکے۔