پشاور: (سپورٹس رپورٹر) سکولز گیمز کے انتظامات کے سلسلے میں ریجنل سپورٹس آفس پشاور ڈویژن میں گزشتہ روز اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ریجنل سپورٹس افسر پشاور ڈویژن کاشف فرحان اور سیکرٹری سپورٹس کمیٹی انٹر ہائی اینڈ ہائر سیکنڈری سکولز پشاور نوید اختر اور دیگر شرکانے بھرپور شرکت کی اجلاس میں ٹورنامنٹ کے انتظامات، شیڈول، سہولیات اور دیگر اہم امور پر غور کیا گیا۔ اس موقع پر ریجنل سپورٹس افسر کاشف فرحان نے کہا کہ ڈائریکٹر جنرل سپورٹس خیبر پختونخوا تاشفین حیدرکی رہنمائی میں محکمہ سپورٹس اس ٹورنامنٹ کو کامیاب بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ نہ صرف محکمہ اپنے گراونڈز مہیا کرے گا بلکہ کھلاڑیوں کی تربیت و رہنمائی کے لیے کوچز کی خدمات بھی فراہم کی جائیں گی۔میٹنگ میں چیف کوچ خیبرپختونخوا شفقت اللہ، سینئر کوچ سکواش طاہر اقبال اور ڈپٹی سیکرٹری سپورٹس کمیٹی خورشید خان نے بھی شرکت کی اور مختلف تجاویز پیش کر کے ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد میں اپنا کردار ادا کرنے کا عزم ظاہر کیا۔ یہ ٹورنامنٹ زون، ریجن اور صوبائی سطح پر پشاور میں منعقد کیا جائے گا جس کا مقصد اسکول سطح پر کھیلوں کو فروغ دینا اور نوجوان کھلاڑیوں کے لیے مواقع فراہم کرنا ہے۔