
سپورٹس گالا میں پشاور زون کے طلبااور طالبات نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کی
پشاور: گو رنمنٹ فرنٹیر کالج برائے خواتین میں طلباا ور طالبات کے لیے کے پی انٹر کالجز سالانہ اسپورٹس گالا 2025 اور کلچر ڈے کی پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں کھیلوں کے مختلف مقابلوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلباء اور طالبات کو انعامات اور شیلڈز سے نوازا گیا سپورٹس گالامیں پشاور زون کے طلبااور طالبات نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کی۔تقریب کا مقصد نہ صرف طلبا اور طالبات کی حوصلہ افزائی کرنا تھا بلکہ تعلیمی اداروں میں کھیلوں کے فروغ کی اہمیت کو اجاگر کرنا بھی تھا تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا جس کے بعد قومی ترانہ پیش کیا گیا فرنٹئیر کالج برائے خواتین کی پرنسپل نے استقبالیہ کلمات پیش کرتے ہوئے کہا کہ طالبات کا کھیلوں میں بڑھتا ہوا رجحان خوش آئند ہے اس سے نہ صرف جسمانی صحت بہتر ہوتی ہے بلکہ قائدانہ صلاحیتیں بھی ا جاگر ہوتی ہیں۔

اس موقع پر مختلف کھیلوں میں اعلی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبااور طالبات کو میڈلز، ٹرافیز اور اسناد دی گئیں کے پی انٹر کالج سپورٹس گالا تقریب کے موقع پر کالج میں کلچر ڈے کے حوالے سے بھی طالبات نے خوبصورت سٹالز لگائے تھے جسکو حاضرین نے خوب سراہا تقریب کی مہمانِ خصوصی صوبائی وزیر برائے محکمہ اعلی تعلیم سہیل آفریدی تھے اس موقع پر صوبائی وزیر مینا خان آفریدی، ڈائریکٹر ہائیر ایجوکیشن اور فرنٹئیر کالج فار ویمن کی پرنسپل شاہین عمر سمیت دیگر مہمان بھی موجود تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزراسہیل آفریدی اور مینا خان آفریدی سمیت دیگر مقررین نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے کالجز کے طلبااور طالبات نے ثابت کیا ہے کہ ہمارے بچے اور بچیاں تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں میں بھی کسی سے کم نہیں حکومت طلباء کے لیے کھیلوں کے میدان میں مزید سہولیات فراہم کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
اس موقع پر مقررین نے خصوصی طور پر طالبات کو کھیلوں میں بھرپور حصہ لینے کی تلقین کی اور کہا کہ ہماری بیٹیاں کسی بھی میدان میں پیچھے نہیں کھیل کے میدان بھی ان کی کامیابیوں سے جگمگا رہے ہیں۔مقررین نے کہا کہ کھیل نہ صرف جسمانی صحت کی علامت ہیں بلکہ اعتماد، نظم و ضبط اور قیادت جیسے اوصاف بھی پیدا کرتے ہیں۔ حکومت لڑکوں اور لڑکیوں کی تعلیم کے ساتھ ساتھ ان کی کھیلوں میں شمولیت کو بھی فروغ دے رہی ہے۔ ہمیں فخر ہے کہ ہماری طالبات بھی آج ہر میدان میں آگے بڑھ رہی ہیں،انہوں نے مزید کہا کہ حکومت خواتین کے لیے نئے منصوبے شروع کرے گی تاکہ لڑکیوں کو کھیلوں کے میدان میں بہتر مواقع میسر آ سکیں۔انہوں نے منتظمین کو کامیاب تقریب کے انعقاد پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کیا کہ ہمیں طلباء پر فخر ہے جو نہ صرف تعلیمی میدان میں بلکہ کھیلوں کے میدان میں بھی بھرپور صلاحیتوں کا مظاہرہ کر رہی ہیں، مقررین نے کہا کہ خواتین کالجز کی طالبات نیجو کامیابیاں حاصل کی ہیں، وہ اس بات کا ثبوت ہیں کہ اگر لڑکیوں کو مواقع دیے جائیں تو وہ ہر میدان میں آگے جا سکتی ہیں انہوں نے مزید کہا کہ کھیل نہ صرف جسمانی صحت کے لیے اہم ہیں بلکہ ان سے نظم و ضبط، ٹیم ورک اور قیادت جیسی خوبیاں بھی پیدا ہوتی ہیں۔ انہوں نے طلباء اور طالبات پر زور دیا کہ وہ تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے ہر موقع سے فائدہ اٹھائیں۔ مقررین نے کہا کہ تعلیمی اداروں جسمانی و ذہنی صحت کو بہتر بنانے کے لیے کھیلوں کی سرگرمیوں کی اہمیت میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے کیونکہ کھیل نہ صرف جسمانی صحت کے لیے ضروری ہیں بلکہ یہ ان کی خوداعتمادی، قیادت کی صلاحیت اور ذہنی نشوونما کے لیے بھی ناگزیر ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ کھیلوں میں حصہ لینے والی بچیاں زیادہ پراعتماد، چ ست اور مثبت رویے کی حامل ہوتی ہیں۔

صوبائی وزیر سہیل آفریدی نے کہا کہ کھیل ذہنی دباو کم کرتے ہیں اور طلباء طالبات کو تعلیمی میدان میں بھی بہتر کارکردگی دکھانے کے قابل بناتے ہیں طالبات کے لیے کھیلوں کے خصوصی پروگرامز شروع کیے ہیں جہاں طالبات کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع ملتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک وقت تھا جب والدین لڑکیوں کو کھیلوں میں حصہ لینے سے روکتے تھے مگر اب بتدریج اس سوچ میں تبدیلی آ رہی ہے۔ والدین سمجھنے لگے ہیں کہ کھیلوں کے ذریعے ان کی بیٹیاں جسمانی طور پر صحت مند اور ذہنی طور پر توانا رہتی ہیں، جس کا براہ راست اثر ان کی تعلیم اور شخصیت پر پڑتا ہے۔اخر میں مہمان خصوصی نے کے پی انٹر کالجز سپورٹس گالا میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلباء اور طالبات میں انعامات اور ٹرافیاں تقسیم کیے جبکہ فرنٹئیر کالج کی پرنسپل نے مہمان خصوصی سمیت دیگر مہمانوں کو خصوصی شیلڈز پیش کئے۔