
پشاور: آل پاکستان نیشنل جونیئر سکواش چیمپئن شپ 2025ء میں پاکستان ایئر فورس کے کھلاڑیوں کی برتری، انڈر 11کیٹگری میں عبدالرحمان اور انڈر 17میں مصطفی عرفان نے چیمپئن کا اعزاز حاصل کرلیا پشاور سپورٹس کمپلیکس کے قمرزمان سکواش کورٹ میں کھیلے گئے فائنل مقابلوں میں انڈر 11کیٹگری میں پی اے ایف کے عبدالرحمان نے پی اے ایف ہی کے آنس رافع کو 11-5,11-6 اور 8-11جبکہ انڈر 17میں پی اے ایف کے مصطفی عرفان نے پی اے ایف کیعبداللہ زمان کو9-11, 9-11اور 5-11سے شکست دے کرٹرافی اپنے نام کرلی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی سیکرٹری پبلک ہیلتھ اور چیئرمین صوبائی سکواش ایسوسی ایشن داؤد خان نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے اس موقع پر ان کے ہمراہ سکواش لیجنڈ قمرزمان، چیف انجینئر میر آدام وزیر، سیکرٹری جنرل اے آئی پی ایس امجد اعزیز ملک، صوبائی نائب صدراحسان، محب اللہ،گروپ کیپٹن عرفان اظہر،سیکرٹری منصور زمان، محمد وسیم اور چیف کوچ و آرگنائزر منور زمان سمیت دیگر شخصیات موجود تھے اختتامی تقریب کے موقع پر مہمان خصوصی داؤد خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایونٹ کے انعقاد سے ملک میں کھیلوں کی مثبت سرگرمیوں کو فروغ ملا ہے انہوں نے کہا کہ جونیئر کھلاڑیوں نے جس جذبے اور محنت کا مظاہرہ کیا ہے وہ مستقبل میں پاکستان اسکواش کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے انہوں نے مزید کہا کہ ایسے ایونٹس سے نہ صرف نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع ملتا ہے بلکہ عالمی سطح پر ملک کا نام بلند کرنے کے لئے بھی نئی راہیں کھلتی ہیں۔