
سپورٹس رپورٹر
پشاور : پاکستان سپورٹس بورڈ اور پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے باہمی تعاون سے آئندہ ماہ ستمبر کواسلام آباد میں ہونے والے نیشنل یوتھ گیمز کیلئے خیبرپختونخوا خواتین کبڈی ٹیم کے ٹرائلز گورنمنٹ سٹی گرلز کالج گل بہار پشاور میں منعقد ہوئے۔ان ٹرائلز میں بڑی تعداد میں خواتین کھلاڑیوں نے بھرپور شرکت کی۔ جس سے صوبے میں خواتین کے کھیلوں کے فروغ اور کبڈی میں بڑھتی دلچسپی کا اندازہ بخوبی لگایا جاسکتا ہے۔ٹرائلز کی نگرانی صوبائی کبڈی ایسوسی ایشن کے صدر ارباب نصیر احمد خان، سیکرٹری سید سلطان بری اورنجمہ ناز قاضی نے کی۔

اس موقع پر کھلاڑیوں کے کھیل، فٹنس اور تکنیکی مہارت کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا۔صوبائی کبڈی ایسوسی ایشن کے سیکرٹری سید سلطان بری نے اس موقع پر میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ منتخب شدہ کھلاڑیوں کے ناموں کا جلد اعلان جلد کردیا جائے گا، جنہیں نیشنل یوتھ گیمز میں شرکت سے قبل باقاعدہ تربیتی کیمپ میں تیار کیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ خواتین کھلاڑیوں کی بڑھتی ہوئی شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ خیبرپختونخوا میں کبڈی جیسے روایتی کھیل کو خواتین بھی بھرپور انداز میں اپنانے لگی ہیں، جو کھیل کے مستقبل کے لیے نہایت خوش آئند ہے۔