
عاصم شیراز
پشاور: ملک انٹرنیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ون ویک کرکٹ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا آغاز پاکستان کے یومِ آزادی کی شاندار تقریبات کے ساتھ ہوا۔ افتتاحی تقریب کے مہمانِ خصوصی ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر (اے اے سی) متنی، تحصیلدار متنی ، اور پاکستان کے ٹیسٹ کرکٹر مایا ناز کھلاڑی ساجد خان تھے۔تقریب کا آغاز پاکستان کے جھنڈے کی شکل میں تیار کیے گئے خصوصی کیک کی کٹائی سے ہوا، جو مہمانانِ خصوصی نے مشترکہ طور پر کاٹا۔

نوجوان کرکٹرز کی حوصلہ افزائی کے لیے اے اے سی متنی نے پورے تربیتی سیشن کے لیے مفت ریفریشمنٹ کا اعلان کیا، جبکہ تحصیلدار متنی نے کھلاڑیوں کے لیے تین بکس ہارڈ بالز دینے کا اعلان کیا۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے ٹیسٹ کرکٹر ساجد خان نے شرکاکے جوش و جذبے اور صلاحیت کو سراہتے ہوئے انہیں کھیل میں اعلی کارکردگی کے لیے مزید محنت کی ترغیب دی۔تمام معزز مہمانوں نے اس پروگرام کے چیف آرگنائزرملک فرمان کا شکریہ ادا کیا، جنہوں نے اپنے خطاب میں تمام مہمانوں، کوچز اور کھلاڑیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ اس طرح کے پروگرام علاقے میں کرکٹ ٹیلنٹ کی پرورش کے لیے نہایت اہم ہیں۔یہ پروگرام، جو پی سی بی کے تصدیق شدہ کوچز کی نگرانی میں جاری ہے، ایک ہفتے تک بیٹنگ، بولنگ، فیلڈنگ اور عملی مظاہروں پر مشتمل تربیتی سرگرمیوں سے بھرپور ہوگا اور 20 اگست کو انعامات اور اسناد کی تقسیم کی تقریب کے ساتھ اختتام پذیر ہوگا۔