عاصم شیراز
پشاور: وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کی ہدایت پرڈائریکٹریٹ جنرل آف سپورٹس خیبرپختونخوا ،ریجنل سپورٹس آفس پشاور اورضلعی انتظامیہ کے باہمی اشتراک سے “معرکہ حق” اور جشن آزادی کا ہفتہ بھرپور انداز میں منایا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں مختلف کھیلوں کے مقابلے اور تقریبات جاری ہیں، جبکہ 13اگست کی شب روایتی علاقائی رقص، مارشل آرٹس، میجک شو، نیلام گھر، موسیقی اور رات 12 بجے شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا جائے گا۔ ریجنل اسپورٹس آفس پشاور کے مطابق تقریبات کا آغاز نمائشی کرکٹ میچ سے ہو چکا ہے۔ دوسرے روز ڈسٹرکٹ پشاور اور چارسدہ کے مابین کبڈی کے مقابلے ہوں گے، جبکہ 9اگست کو قیوم اسپورٹس کمپلیکس میں انٹر کلب باکسنگ چیمپئن شپ اور 10اگست کو انٹر کلب ووشو چیمپئن شپ منعقد ہوگی۔ 11اگست کو بیڈمنٹن، ٹیگ بال اور باسکٹ بال کے میل و فیمیل ایونٹس قیوم اسٹیڈیم پشاور میں ہوں گے جبکہ 12اگست کو لیکروس اور جوڈو کے مقابلے شیڈول ہیں۔14 اگست کو دن میں ٹیبل ٹینس اور ہاکی کے مقابلے ہوں گے، جبکہ رات کو میوزیکل کنسرٹ میں پشتو و اردو موسیقی، علاقائی رقص، میجک شو اور مارشل آرٹس کے ساتھ ساتھ آتشبازی کا شاندار مظاہرہ ہوگا۔صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان سید فخر جہاں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کی خصوصی ہدایت پر صوبے کے تمام اضلاع میں انٹر ڈسٹرکٹ مقابلے اور دیگر تقریبات منعقد کی جا رہی ہیں جس میں روایتی کھیل سمیت مختلف کھیلوں کے مقابلے شامل ہیں بھی شامل ہیں۔