
پشاور: (ہمایون خان سپورٹس/کلچر رپورٹر) انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید کی ہدایات پر شہدائے پولیس کے نام سے انٹر ریجنل سپورٹس مقابلوں کا انعقاد کیا گیا جن میں صوبائی پولیس کے ساتوں ریجنز جن میں ڈی آئی خان، بنوں، کوہاٹ، مردان، ہزارہ، ملاکنڈ اور سی سی پی پشاور کی ٹیموں نے حصہ لے کر شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔ مذکورہ کھیلوں میں فٹبال، والی بال اور بیڈمنٹن کے مرد و خواتین کے مقابلے منعقد کیے گئے جن میں فٹبال، والی بال اور بیڈمنٹن مردوں کے مقابلوں کا فائنل ملاکنڈ ریجن نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرنے کے بعد اپنے نام کیا۔جبکہ بیڈمنٹن خواتین کے مقابلوں کا فائنل کیپٹل سٹی پولیس پشاور کی ٹیم نے اپنے نام کیا۔بیڈمنٹن فائنل کے موقع پر اے آئی جی اسٹیبلشمنٹ/ڈائریکٹر سپورٹس خیبرپختونخواہ پولیس سپورٹس بورڈ سونیاشمروز خان، اے آئی جی جینڈر ایکوالٹی انیلہ ناز، وومنز پولیس سٹیشن کے ایس ایچ او نادیہ شاہین اور دیگر پولیس کے آفیشلز و افسران موجود تھیں جنہوں نے خواتین پولیس اہلکاروں کی بیڈمنٹن مقابلوں میں شرکت اور اچھی کارکردگی کو خوش آئند قرار دیا ۔

اس موقع پر ڈائریکٹر سپورٹس/اے آئی جی اسٹیبلشمنٹ سونیا شمروز خان نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس خواتین اہلکاروں کی کھیلوں میں شمولیت کی حوصلہ افزائی کریگی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر سپورٹس سونیاشمروز خان نے مزید بتایا کہ خیبرپختونخوا پولیس سپورٹس بورڈ پولیس کے اہلکاروں کی جسمانی و ذہنی آسودگی کے لیے اس طرح کے ایونٹس منعقد کرانے کے لئے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے گی۔

والی بال فائنل میچ کے موقع پر ڈائریکٹر سپورٹس سونیاشمروز خان، ایس ایس پی آپریشن مسعود احمد، ایس پی ہیڈکوارٹرز علی گوہر، ڈی ایس پی ہیڈکوارٹرز واجد شاہ آر آئی رحمت اللہ خان نے شہید کانسٹیبل احسان کے بیٹے محسن کو بطور مہمان خصوصی خوش آمدید کہا۔ ایونٹ کے میچز میں شہدا کے فیملی ممبران نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

یاد رہے کہ اس ایونٹ کو کامیاب بنانے میں ڈی جی سپورٹس کا خاصا کردار رہا جنہوں نے کھیل کے میدانوں کے ساتھ ساتھ کھلاڑیوں کی رہائشی سہولیات بھی مہیا کئے۔ ریسکیو 1122 کے ٹیمیں کھلاڑیوں کے میڈیکل فرسٹ ایڈ کے لیے ہمہ وقت موجود رہیں۔ میڈیا پرسنز نے بہترین کوریج دے کر ایونٹ کے دلچسپ مقابلوں کو عوام تک پہنچایا۔ڈائریکٹر سپورٹس خیبرپختونخواہ پولیس سپورٹس بورڈ سونیا شمروز خان نے ایک محدود وقت اور دن رات کی محنت سیکامیاب ایونٹ کے انعقاد پر اپنی ٹیم جن میں نعیم گل انچارج سپورٹس، آصف خان اسسٹنٹ انچارج سپورٹس، اختر حسین چیف آرگنائزر، محمد تنویر میڈیا کوآرڈینیٹر، سید حشمت علی، عابد علی، زاہد جان، محمد علی، محمد مسعود اور شیر ولی آرگنائزر کے کردار کو سراہا۔
