
صوبائی وزیر کھیل سید فخر جہاں نے باضابطہ افتتاح کیا ، ملک بھر سے گیارہ ٹیمیں شرکت کررہی ہیں
عاصم شیراز
پشاور:31ویں قومی کراٹے چیمپئن شپ، 17ویں قومی خواتین کراٹے چیمپئن شپ اور چھٹی کیڈٹ اینڈ جونیئر کراٹے چیمپئن شپ خیبرپختونخوا کے پر فضا مقام ایبٹ آباد میں شروع ہوگئی چیمپئن شپ میں چاروں صوبوں سمیت اسلام آباد،گلگت بلتستان،پاک آرمی،وپڈا،پولیس،ریلوے اور ایچ ای سی کے میل و فیمل ٹیمیں شرکت کررہی ہے افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر برائے کھیل و امور نوجوانان سید فخر نے فیتہ کاٹ کر چیمپئن شپ کا باضابطہ افتتاح کیا اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈائریکٹر جنرل سپورٹس تاشفین حیدر ،ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد ثناء اللہ،پاکستان کراٹے فیڈریشن کے چیئر مین سنسنی محمد جہانگیر اور سیکرٹری عندلیب سندھو،آر ایس آو ہزارہ احمد زمان،خیبر پختونخوا کراٹے ایسوسی ایشن کے صدر خورشید خان،سینئر نائب صدر خالد نور،سیکرٹری عاصم قریشی،ڈائرکٹر آپریشن سپورٹس جمشید بلوچ اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر فنانس شاہ فیصل موجود تھے۔ پاکستان کراٹے فیڈریشن کے زیر اہتمام ڈائریکٹوریٹ جنرل سپورٹس خیبر پختونخوا اور خیبر پختونخوا کراٹے ایسوسی ایشن کے اشتراک سے 31ویں قومی کراٹے چیمپئن شپ، 17ویں قومی خواتین کراٹے چیمپئن شپ اور چھٹی کیڈٹ اینڈ جونیئر کراٹے چیمپئن شپ کے چار روز مقابلے گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج نمبر ون ایبٹ آباد میں شروع ہوگئے

افتتاحی تقریب سے خطاب میں صوبائی وزیر کھیل نے کہا کہ کھیل نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرتے ہیں اور صوبائی حکومت پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور کے ویڑن کے مطابق صوبے میں کھیلوں کے فروغ کے لیے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر کھیل میں باصلاحیت کھلاڑیوں کو یکساں مواقع فراہم کیے جائیں گے تاکہ وہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر صوبے کا نام روشن کر سکیں،

سید فخر جہاںنے کہا کہ اگست کے مہینے میں وادی سوات میں سپورٹس فیسٹیول کا انعقاد کیا جائے گا جس میں مختلف گیمز کے ریجنل اور قومی مقابلے منعقد ہوں گے جبکہ اس کے بعد ہزارہ گیمز کا بھی انعقاد کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ اس چیمپئن شپ میں بلوچستان کے کھلاڑیوں کو زیادہ تعداد میں دیکھ کر خوشی ہوئی اور اس میں کوئی شک نہیں کے بلوچستان میں مارشل آرٹ کا کافی ٹیلنٹ موجود ہے۔قبل ازیں ڈائریکٹر جنرل سپورٹس خیبرپختونخوا تاشفین حیدر نے ملک بھر سے آئے ہوئے کھلاڑیوں،افیشلز اور ججز کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ہماری کوشش ہوگی کہ ہر سال اسطرح کی ایونٹ کی میزبانی کریں تاکہ کھلاڑیوں کو اپنی کارکردگی میں مزید بہتری لانے کے لئے مواقع فراہم ہوسکیں۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی خیبرپختونخوا کے وزیر کھیل و امور نوجوانان سید فخر جہاں نے پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے ٹیم کو دو لاکھ،دوسری کو ایک لاکھ اور تیسری پوزیشن والے کو 75 ہزار روپے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سپورٹس خیبرپختونخوا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے یہی وجہ ہے کہ بنیادی انفراسٹرکچر سمیت صوبے کے تمام اضلاع میں مردوں خواتین کو کھیلوں کے یکسر مواقع فراہم کئے جا رہیے ہیں ان کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہے کہ گراس روٹ پر ٹیلنٹ کو تلاش کریں۔