
ویسٹ انڈیز کے نامور کھلاڑی کا اچانک کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان
ویب ڈیسک
ویسٹ انڈیز: ویسٹ انڈیز کے جارح مزاج وکٹ کیپر بلے باز نکولس پوران نے اچانک انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرکے مداحوں کو حیران کردیا۔
بین الاقوامی رپورٹ کے مطابق ویسٹ انڈیز کے وائٹ بال کے سابق کپتان نکولس پوران نے 29 سال کی عمر میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔ انہوں نے 61 ون ڈے میچوں میں ایک ہزار 983 رنز اور 106 ٹی20 میچوں میں 2 ہزار 275 رنز بنائے۔
نکولس پوران 2023 ون ڈے ورلڈ کپ کوالیفائرز سے ویسٹ انڈیز کے باہر ہونے کے بعد سے کوئی ون ڈے میچ نہیں کھیلا جب کہ انہوں نے حال ہی میں انگلینڈ کے خلاف ویسٹ انڈیز کی ٹی20 سیریز کے لیے سلیکشن سے دستبرداری اختیار کر لی تھی۔
سابق کپتان کی اچانک ریٹائرمنٹ ایک دھچکا ہے کیونکہ گزشتہ سال نومبر میں اپنے 100ویں ٹی20 کے موقع پر انہوں نے کہا تھا کہ وہ مزید 100 ٹی20 میچز کھیل سکتے ہیں۔
خیال رہے کہ نکولس ٹی20 انٹرنیشنل میں ویسٹ انڈیز کی جانب سے سب سے میچز کھیلنے اور سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی ہیں، انہوں نے 26.14 کی اوسط اور 136.39 کے اسٹرائیک ریٹ سے 2 ہزار 275 رنز بنائے۔ جب کہ ون ڈے انٹرنیشنل میں انہوں نے 39.66 کی اوسط اور 99.15 کے اسٹرائیک ریٹ سے 1983 رنز بنائے۔
سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ میں نے بہت سوچ بچار کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہونے کا فیصلہ کیا ہے، اس کھیل نے مجھے بہت کچھ دیا ہے اور دیتا رہے گا۔
دوسری جانب، انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے کے باوجود پوران فرنچائز کرکٹ کھیلتے رہیں گے، وہ ایم ایل سی، دی ہنڈریڈ، سی پی ایل، آئی پی ایل کے علاوہ متحدہ عرب امارات میں آئی ایل ٹی20 میں بھی ایکشن میں دکھائی دیں گے۔