ہمایون خان
پشاور:61 ویں نیشنل ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ قیوم سپورٹس کمپلیکس پشاور میں پروقار تقریب کے ساتھ شروع ہوگئی، جس میں ملک بھر سے 200 سے زائد مرد و خواتین کھلاڑی شرکت کررہے ہیں۔ چیمپئن شپ کا باضابطہ افتتاح سابق صوبائی وزیر کھیل سید عاقل شاہ، ڈی جی سپورٹس خیبرپختونخوا تاشفین حیدر اور پاکستان ٹیبل ٹینس فیڈریشن کے صدر احمر ملک نے مشترکہ طور پر کیا۔افتتاحی تقریب میں پاکستان ٹیبل ٹینس فیڈریشن کے سیکرٹری اعجاز علی، صوبائی اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری ذوالفقار بٹ، ریجنل کوآرڈینیٹر او جی ڈی سی ولی محمد آفریدی، ڈائریکٹر ٹورنامنٹ کفایت اللہ خان، چیف کوچ شفقت اللہ،اسسٹنٹ ڈائریکٹر فنانس شاہ فیصل سمیت دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔

پاکستان ٹیبل ٹینس فیڈریشن کے زیراہتمام اور ڈائریکٹریٹ آف سپورٹس خیبرپختونخوا کے تعاون سے منعقدہ یہ چیمپئن شپ پشاور سپورٹس کمپلیکس کے پی ایس بی جمنازیم میں جاری ہے، جس میں پنجاب، سندھ، بلوچستان، اسلام آباد، گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا، ضم قبائلی اضلاع کے علاوہ پاکستان پولیس، واپڈا اور او جی ڈی سی سمیت مختلف محکموں کے کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔مقابلے دس اپریل تک جاری رہیں گے،

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سابق صوبائی وزیر کھیل سید عاقل شاہ نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں کھیلوں کے میدان آباد ہورہے ہیں اور حکومت و اداروں کی مشترکہ کاوشوں سے نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کھلاڑیوں پر زور دیا کہ وہ محنت، نظم و ضبط اور کھیل کے جذبے کو برقرار رکھتے ہوئے ملک و صوبے کا نام روشن کریں۔ 14 سال کے بعد قومی ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ کی میزبانی خیبر پختونخوا کو دی گئی ہے جو بہت بڑی کامیابی ہے۔

ڈی جی سپورٹس خیبرپختونخوا تاشفین حیدر نے اپنے خطاب میں کہا کہ ڈائریکٹریٹ آف سپورٹس کھلاڑیوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کررہا ہے تاکہ کھلاڑی بہترین ماحول میں اپنی کارکردگی دکھا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ پشاور میں اس بڑے ایونٹ کا انعقاد اس بات کا ثبوت ہے کہ صوبہ کھیلوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کررہا ہے اور آئندہ بھی ایسے ایونٹس کا سلسلہ جاری رہے گا۔

صدر پاکستان ٹیبل ٹینس فیڈریشن احمر ملک نے کہا کہ ملک میں ٹیبل ٹینس کے ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں، ضرورت صرف بہتر مواقع اور مستقل بنیادوں پر ایونٹس کے انعقاد کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس طرح کی قومی سطح کی چیمپئن شپ نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں اجاگر کرنے کا بہترین پلیٹ فارم فراہم کرتی ہیں اور فیڈریشن کھیل کے فروغ کیلئے بھرپور اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔