صوبائی وزیر صحت میاں خلیق الرحمان نے باضابطہ افتتاح کیا
پشاور: ڈائریکٹریٹ جنرل آف سپورٹس خیبرپختونخوا کے زیر اہتمام آل پاکستان دوستان فٹ بال لیگ کا آغاز قیوم اسپورٹس کمپلیکس پشاور کے فٹ بال گراو نڈ میں شاندار انداز میں ہوگیا۔

جس ملک بھر سے 17ٹیمیں شرکت کررہی ہیں، لیگ کا باضابطہ افتتاح صوبائی وزیر صحت میاں خلیق الرحمان نے کیا۔ افتتاحی تقریب میں ڈی جی سپورٹس خیبرپختونخوا تاشفین حیدر، سی ای او دوستان کلب محمد یوسف آفریدی، ڈائریکٹر آپریشن جمشید بلوچ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر فنانس شاہ فیصل، انٹرنیشنل فٹبالر گوہر زمان، ریجنل سپورٹس آفیسر ساجد خان، آر ایس او کاشف فرحان سمیت دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔لیگ میں ملک بھر سے 17 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں

جن میں پولیس فٹ بال کلب، ملیو سٹار مردان، آتش کلب، کے پی ایجوکیشن بورڈ، افغان فٹ بال کلب، پشاور فٹ بال کلب، چترال کلب، خیبر گرین فاٹا، کوئٹہ فٹ بال کلب، ڈی ایف اے بنوں، درہ مارخور کلب اور کوکو فٹ بال کلب اسلام آباد شامل ہیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت میاں خلیق الرحمان نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں کھیلوں کے فروغ کے لیے حکومت عملی اقدامات کر رہی ہے اور فٹ بال جیسے کھیل نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسی لیگ نہ صرف کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع فراہم کرتی ہیں بلکہ صوبے میں کھیلوں کے معیار کو بھی بلند کرتی ہیں۔

ڈی جی سپورٹس خیبرپختونخوا تاشفین حیدر نے اپنے خطاب میں کہا کہ ڈائریکٹریٹ کھیلوں کے فروغ کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہا ہے اور نوجوانوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ آل پاکستان دوستان فٹ بال لیگ جیسے ایونٹس سے نئے ٹیلنٹ کو سامنے آنے کا موقع ملتا ہے اور صوبے میں فٹ بال کے کھیل کو مزید تقویت ملے گی۔