پشاور: پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے گیارہویں ایڈیشن کے میچز اب صرف لاہور اور کراچی میں منعقد ہوں گے۔ فیصل آباد، ملتان، پشاور اور دیگر شہروں میں میچز نہ کرانے کا فیصلہ خطے میں موجودہ حالات کے پیشِ نظر کیا گیا ہے۔ انہوں نے خاص طور پر پشاور کے شائقین سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ وہاں فی الحال میچز ممکن نہیں ہیں۔محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل ہر صورت منعقد ہوگی، تاہم اگر دنیا کے حالات نارمل ہوئے تو شیڈیول میں بہتری یا واپسی پر غور کیا جا سکتا ہے۔ پی ایس ایل میں شامل ‘اے کیٹیگری’ کے غیر ملکی کھلاڑیوں نے پاکستان آنا شروع کر دیا ہے، جبکہ دیگر کھلاڑیوں کی آمد کل سے شروع ہو جائے گی۔چیئرمین نے آئی پی ایل کے ساتھ کسی بھی قسم کے ٹکرا (clash) کے تاثر کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے پاس ‘اے کیٹیگری’ کے کافی کھلاڑی موجود ہیں اور لیگ اپنی پوری آب و تاب سے ہوگی۔کنٹریکٹ کی پابندی: پی سی بی کے مکمل معاہدے والے کھلاڑی پی ایس ایل کے دوران دیگر مصروفیات میں نہیں جا سکیں گے، البتہ جن کے پاس عارضی معاہدے ہیں، وہ اس میں شامل ہو سکتے ہیں۔محسن نقوی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ تمام تر چیلنجز کے باوجود پی ایس ایل کا انعقاد یقینی بنایا جائے گا تاکہ کرکٹ شائقین کو بہترین تفریح میسر آ سکے۔