پی ایس ایل کے مزید میچز کے انعقاد کے لئے پی سی بی سے رابطہ کروں گا: فیصل کریم کنڈی
ہمایون خان
پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پشاور میں کرکٹ کی بحالی خوش آئند امر ہے جس سے صوبے میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو مزید فروغ ملے گا ،پاکستان کرکٹ بورڈ کا شکر گزار ہوں جنہوں نے پشاور میں کھیلوں کا میلہ سجایا وہ سپورٹس رائٹرز ایسوسی ایشن خیبرپختونخوا کی دعوت پر عمران خان کرکٹ سٹیڈیم میں پریس گیلری کے دورے کے موقع پر گفتگو کر رہے تھے

اس موقع پر اے آئی پی ایس ایشیا کے سیکرٹری جنرل و پاکستان سپورٹس رائٹرز فیڈریشن کے صدر امجد عزیز ملک نے انہیں خوش آمدید کہا اور پریس گیلری سے متعلق بریفنگ دی۔ گورنر نے کہا کہ نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے انعقاد سے پشاور کے گراونڈز ایک بار پھر آباد ہوئے ہیں اور شائقین کرکٹ کی بڑی تعداد سٹیڈیم کا رخ کر رہی ہے جو کہ قابل تحسین ہے انہوں نے کہا کہ رات کے وقت بھی شائقین کی موجودگی اس بات کا ثبوت ہے کہ پشاور میں کرکٹ کا بے پناہ محبت پایا جاتا ہے۔ پشاور میں ایک مزید بین الاقوامی معیار کے کرکٹ گراونڈ کی ضرورت ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وہ پاکستان کرکٹ بورڈ سے رابطہ کریں گے تاکہ پاکستان سپر لیگ کے مزید میچز پشاور میں کروائے جا سکیں اور امید ظاہر کی کہ کم از کم تین میچز یہاں منعقد ہوں گے۔ایک سوال کے جواب میں گورنر نے کہا کہ صوبے میں مردوں کے ساتھ ساتھ خواتین میں بھی کھیلوں کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کے لیے سپورٹس اکیڈمیوں کے قیام کی ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی ایس ایل کی دیگر ٹیمیں بھی پشاور میں میچز کھیلیں گی جبکہ پشاور زلمی کو سپورٹ کرنے کے لیے شائقین کی بڑی تعداد سٹیڈیم کا رخ کرے گی ان کے مطابق پشاور کے عوام کا کرکٹ سے جوش و جذبہ عروج پر ہے اور وہ اس کھیل سے بے حد محبت کرتے ہیں۔